QR CodeQR Code

دہلی پولیس کا ایک ہزار سے زائد احتجاجی کسانوں کیخلاف کیس درج

25 Feb 2021 20:43

نوٹس میں ایک درجن کے قریب دفعات ہیں، جن میں مار پیٹ سے لیکر کورونا وباء تک کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ 220 کسانوں کی شناخت کرکے ان کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لال قلعے پر ہونے والے تشدد کے معاملے میں پر اب دہلی پولیس ایک ہزار سے زائد کسانوں کو نوٹس دے رہی ہے۔ اس میں بزرگ، خواتین اور معذور کسان بھی شامل ہیں۔ دہلی پولیس نے 220 کسانوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ غازی پور بارڈر پر بیٹھے سینکڑوں کسانوں کو دہلی پولیس اب اس طرح کا نوٹس بھیج رہی ہے۔ نوٹس میں ایک درجن کے قریب دفعات ہیں، جن میں مار پیٹ سے لیکر کورونا وباء تک کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ 220 کسانوں کی شناخت کرکے ان کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ ان تصاویر میں سے ایک تصویر کسان لیڈر جگتار باجوہ کی بھی ہے۔ جبکہ جگتار باجوہ نے صفائی دی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ کسانوں کو راضی کرنے کے لئے گئے تھے۔ غازی پور بارڈر کے کسان لیڈر جگتار باجوہ نے کہا کہ میرے ساتھ شروع سے ہی پولیس تھی، وہ خود ہی مجھے لیکر گئی تھی کہ کسانوں کو سمجھا کر لال قلعے سے واپس بھیجے۔

دہلی پولیس کی طرف سے نوٹس پانے والوں میں علی گڑھ کی اندری دیوی اور لکھیم پور کے 65 سالہ کسان ریشم سنگھ بھی شامل ہیں۔ تقریباً 1600 کسانوں کو نوٹس دیئے گئے ہیں۔ حالانکہ اب وکلاء کی ایک ٹیم تمام کسانوں کی جانب سے جوابات تیار کر رہی ہے لیکن کاشتکار پریشان ہیں کہ کھیتی باڑی کریں یا تھانوں کا چکر لگائیں۔ دہلی کے وکیل شبھم ککریجہ نے کہا کہ کچھ غیر قابل ضمانت دفعات ہیں۔ اب ہم اس کے لئے بیل کی درخواست کریں گے۔ تاہم دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کسانوں کو جو نوٹس یا تصاویر جاری کی گئی ہیں، وہ جانچ کے دوران ملے ویڈیو اور سی سی ٹی وی میں چہرے کی شناخت کی بنیاد پر کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 918340

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918340/دہلی-پولیس-کا-ایک-ہزار-سے-زائد-احتجاجی-کسانوں-کیخلاف-کیس-درج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org