QR CodeQR Code

ترقی پذیر ممالک سے بڑے پیمانے پر وسائل کی غیر قانونی منتقلی سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، عمران خان

26 Feb 2021 10:45

بین الاقوامی مالیاتی احتساب، شفافیت و سالمیت سے متعلق رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اڑھائی سال پہلے جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک کا خزانہ خالی تھا اور بڑے تجارتی و مالیاتی خسارے کا سامنا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب ممالک کے کھربوں روپے غیرقانونی طورپر بیرون ملک منتقل ہوئے، ترقی پذیر ممالک سے بڑے پیمانے پر وسائل کی غیر قانونی منتقلی ترقی، غربت، عدم مساوات اور سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، رقوم کی غیر قانونی ترسیل پر قابو پانے کیلئے متعلقہ اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا، ملک کے اندر اور بیرون ملک مالیاتی لین دین کو قانون کے دائرے میں لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو ٹیکس اصلاحات اور منی لانڈرنگ سے متعلق نئے اقدامات کرنا ہوں گے، رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے حوالہ سے محفوظ تصور کئے جانے والے ممالک کو چوری شدہ غیر ملکی اثاثوں کی فوری اور غیر مشروط واپسی کا عہد کرنا ہو گا، عالمی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنایا جانا چاہئے، ٹیکس کے معاملات، بدعنوانی اور غیر قانونی مالی اعانت سے نمٹنے والے بین الاقوامی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کے خلاف دباؤ اور جبر کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کیلئے بین الاقوامی مالیاتی احتساب، شفافیت و سالمیت سے متعلق اعلیٰ سطحی پینل کی حتمی رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اڑھائی سال پہلے جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک کا خزانہ خالی تھا اور بڑے تجارتی و مالیاتی خسارے کا سامنا تھا، لیکن اس سے بھی زیادہ ہمارے ملک سے غیر قانونی طور پر رقوم کی منتقلی ہوئی، سات ٹریلین ڈالر کے چوری شدہ اثاثے مالیاتی لحاظ سے محفوظ ممالک میں پڑے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 918414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918414/ترقی-پذیر-ممالک-سے-بڑے-پیمانے-پر-وسائل-کی-غیر-قانونی-منتقلی-سیاسی-عدم-استحکام-بنیادی-وجہ-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org