0
Friday 26 Feb 2021 13:48

قطر ایل این جی قیمت کم کرنے پر رضامند

قطر ایل این جی قیمت کم کرنے پر رضامند
اسلام ٹائمز۔ قطر اور پاکستان کے درمیان ایل این جی کی قیمت میں کمی پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ قطری حکومت ایل این جی کی قیمت 11 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی سے کم کر کے 9 ڈالر کرنے پر رضامند ہوگئی ہے جس سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم کی بچت ہوگی، اس حوالے سے معاہدہ کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی سعد بن شریدالقابی آج اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم میں ہونیوالی تقریب میں معاہدہ پر دستخط کریں گے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان 2016ء میں ایل این جی کی فراہمی کا 15 سالہ معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت 15 ارب ڈالر سے زائد تھی، وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے اس معاہدے پر نظر ثانی کرنیکی درخواست کی تھی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس معاہدہ پر نظر ثانی کیلئے متحرک رہے اور انہوں نے پس منظر میں رہتے ہوئے اہم ترین کردار ادا کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف کے کچھ عرصہ قبل دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات میں قطری حکومت نے ایل این جی کی قیمت پر نظرثانی پر رضامندی ظاہر کردی تھی جس کے نتیجہ میں آج یہ معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کے نتیجہ میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ بچت ہوگی جوکہ ایک بہت بڑا معاشی فائدہ ہے، سفارتی حلقوں کے مطابق اس نئے معاہدے سے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 918456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش