0
Friday 26 Feb 2021 14:27

مغرب ہمارے خاندانی نظام کیخلاف سازشیں کر رہا ہے، مقررین

مغرب ہمارے خاندانی نظام کیخلاف سازشیں کر رہا ہے، مقررین
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام قباء آڈیٹوریم کراچی میں "استحکام خاندان مضبوط معاشرہ" کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں مقررین نے ملک و معاشرے کی ترقی و استحکام کیلئے خاندانی نظام کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان معاشرہ کا بنیادی یونٹ ہوتا ہے، خاندان سے معاشرہ وجود میں آتا ہے اور نسل انسانی کی بقا و تسلسل تعمیر خاندان سے ہی ممکن ہے، جبکہ شخصیت سازی کیلئے بھی مستحکم و مضبوط خاندان کی اہمیت ہے۔ سیمینار میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج مغربی معاشرہ میں خاندانی نظام تباہ ہے، جس کی وجہ سے وہ بے شمار مسائل کا شکار ہیں، وہ چاہتا ہے کہ ہمارا مضبوط خاندانی نظام بھی انتشار کا شکار ہو جائے، ٹی وی ڈراموں، میڈیا، موبائل، مخلوط تعلیمی نظام سمیت دیگر ذرائع کے ذریعے وہ ایسا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف گذشتہ 6 ماہ کے دوران عدالتوں میں 15 ہزار سے زائد طلاق و خلع کی درخواستیں پیش کی جا چکی ہیں، جو ہمارے خاندانی نظام کی تباہی کی جانب پیش قدمی کی واضح علامت ہے، ہمارے حکمراں انگریزوں سے زیادہ اپنے آپ کو سیکولر بنانا چاہتے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی قرآن و سنت کے مطابق خاندان کا استحکام و بچوں کی تعلیم و تربیت کرنا چاہتی ہے، استحکام خاندان مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، آج مغرب نے خاتون کو ٹارگٹ بنایا ہوا ہے، مادر پدر آزادی کے نام پر وہ ہمارے معاشرے کی خاتون کو جو عزت و احترام دیا ہوا ہے اس کو پامال کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ مولانا ثناءاللہ رحمانی نے کہا کہ ایک مثالی و مستحکم خاندان کے ذریعے ہی شیطانی ہتھکنڈوں سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے، مضبوط خاندان اجتماعیت و سکون کا ذریعہ ہے، انسانوں کیلئے خاندان ایک سائبان کی طرح ہوتی ہے، اس لئے خاندان کی ضرورت و اہمیت کو اچھی طرح سمجھ کر اسلامی تعیمات کی روشنی میں ہمیں اپنے خاندان کو مستحکم ومعاشرے کو مضبوط کرنا ہوگا، مستحکم خاندان ہی موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ سیمینار سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد مسلم نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 918461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش