QR CodeQR Code

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

26 Feb 2021 19:26

دہشت گرد کمانڈر نورستان نے سال 2007ء میں کالعدم تحریک طالبان بیت اللہ محسود گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ ایک مارشل آرٹ ماہر تھا۔ سال 2008ء میں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر منرا شوال درگئی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا انتہائی مطلوب دہشتگرد نورستان عرف حسن بابا مارا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے تیارزا، شارمنگی میں ایک ٹھکانے پر دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر انٹیلیجنس بیس آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر نورستان عرف حسن بابا مارا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشتگرد آئی ای ڈی کا ماہر اور ماسٹر ٹرینر تھا جو سال 2007ء سے اب تک 50 سے زائد جوانوں کی شہادت میں ملوث تھا۔

دہشت گرد کمانڈر نورستان نے سال 2007ء میں کالعدم تحریک طالبان بیت اللہ محسود گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ ایک مارشل آرٹ ماہر تھا۔ سال 2008ء میں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر منرا شوال درگئی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ جولائی/اگست 2009ء میں اس نے خیسورہ پنج گونے گاؤں میں آئی ای ڈی نصب کی جس کے پھٹنے سے سکیورٹی فورسز کے 5 جوان شہید ہوئے، جس کا ذکر ٹی ٹی پی کے مفتی نور ولی نے اپنی کتاب انقلاب محسود کے صفحہ 189 پر بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ 7 جون 2009ء کو بھی مذکورہ دہشتگرد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شکئی کیمپ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 7 شہید اور ایک آئل ٹینکر تباہ ہو گیا تھا۔

جون 2009ء میں ہی خیسورہ کلیئرنس کے دوران اس کی مزاحمت سے 12 جوان شہید ہوئے، جنوری/فروری 2010ء میں نورستان نے خیسورہ میں فوجی چیک پوسٹ کے نزدیک پانی میں زہر ملایا جبکہ 2010ء میں ہی انذر شکئی وانا روڈ پر پکٹ کے لیے ایک آئی ای ڈی نصب کیا جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ بھی 2010ء میں اس خطرناک دہشت گرد نے خیسورہ-تیارزا-وانا روڈ پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر آرمی کی کوئیک ریسپانس فورس پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 جوانوں کی شہادت ہوئی۔ مارچ/اپریل میں نورستان نے نانو خیل اسکول خیسورہ تحصیل تیارزا کے قریب آئی ای ڈی نصب کر کے ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا جس سے 3 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ بعدازاں سال 2016ء میں مذکورہ دہشت گرد کو خیسورہ علاقے کا کمانڈر بنا دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 918512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918512/جنوبی-وزیرستان-میں-سکیورٹی-فورسز-کا-کامیاب-آپریشن-انتہائی-مطلوب-دہشتگرد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org