QR CodeQR Code

پاک بھارت جنگ بندی، اقوام متحدہ اور امریکہ کا خیرمقدم

26 Feb 2021 20:34

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کو مزید آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے، جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ (یو این) اور امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور دیگر سیکٹرز پر جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایل او سی جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے جاری مشترکہ بیان سے حوصلہ ملا۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ امید ہے دونوں ممالک میں مزید بات چیت کی راہ ہموار ہوگی۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر نے بھی سیز فائر معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکہ نے بھی جنگ بندی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیہ کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کو مزید آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے، جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی اوردیگر سیکٹرز پر سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ رابطے کے نتیجے میں 2003ء کے سیزفائر کی انڈر اسٹیڈنگ پر من و عن عمل ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز میں ہاٹ لائن کے موجودہ میکنزم کے حوالے سے رابطہ ہوا، جس میں ایل او سی اور دیگر سیکٹرز کی صورتحال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کے موجودہ طریقہ کار پر مذاکرات ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دیرپا اور باہمی مفاد امن کی خاطر دونوں اطراف کا کور ایشوز، تحفظات حل کرنے کے لیے اتفاق ہوا اور ایل او سی و دیگر سیکٹرز پر فائر بندی کے حوالے سے معاہدوں پر عمل پیرا ہونے کا اعادہ کیا گیا۔
 


خبر کا کوڈ: 918519

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918519/پاک-بھارت-جنگ-بندی-اقوام-متحدہ-اور-امریکہ-کا-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org