QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں یوم ولادت حضرت علی (ع) کے سلسلے میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد

26 Feb 2021 21:23

علمائے کرام نے یک زبان ہو کر امت کو امیرالمومنین کی سیرت اپنانے اور عملانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پُرآشوب اور پُرفتن دور میں امیرالمومنین کی سیرت اپنانا ناگزیر بن گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مولائے کائنات امیر المومنین حضرت علی ابنِ ابی طالب (ع) کے یوم ولادت کے سلسلے میں مقبوضہ کشمیر کے قصبہ پٹن میں جموں و کشمیر پیروان ولایت کے اہتمام سے ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں عاشقان امامت و ولایت کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں علمائے کرام و دانشوروں کے علاوہ نعت خوانوں و مدح سراؤں نے مولائے متقیان حضرت علی ابنِ ابی طالب (ع) کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔ روح پرور محفل میلاد سے پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی، پیروان ولایت کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی اور مولانا امجد حسین نے خطاب کیا۔ علمائے کرام نے یک زبان ہو کر امت کو امیرالمومنین کی سیرت اپنانے اور عملانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پُرآشوب اور پُرفتن دور میں امیرالمومنین کی سیرت اپنانا ناگزیر بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین کو کسی مخصوص طبقہ سے وابستہ رکھنا اور محدود کرنا جہل اور نادانی کی انتہا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ آپ کی ذات گرامی تمام عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انفرادی و اجتماعی مسائل کا حل مولائے کائنات کی سیرت میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم کو چاہیئے کہ وہ حسد، بغض و کینہ اور آپسی رنجشوں کو بالائے طاق رکھ کر امام علی (ع) کی سیرت اپنا کر بغیر کسی جھنڈے تلے اپنے مسائل و مشکلات کا حل تلاش کریں۔ علماء کرام نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت علی آغوش رسالت کا پروردہ اور تربیت یافتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان شخصیت کی سیرت کو اپنی زندگی میں عملانے سے روحانی و معنوی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ علماء نے تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باب العلم بہترین و عظیم الشان سرمایہ ہے جس کی تعلیمات سے قوم و معاشرہ کو مثالی بنایا جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 918522

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918522/مقبوضہ-کشمیر-میں-یوم-ولادت-حضرت-علی-ع-کے-سلسلے-عظیم-الشان-تقریب-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org