0
Friday 26 Feb 2021 23:01

وفاقی وزراء کی جج کیخلاف پریس کانفرنس، وزیراعظم سے بیان حلفی طلب

وفاقی وزراء کی جج کیخلاف پریس کانفرنس، وزیراعظم سے بیان حلفی طلب
اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا دینے پر وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان سے بیان حلفی طلب کرلیا۔ جسٹس روح الامین اور جسٹس سید عتیق شاہ پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا دینے پر وفاقی وزراء کی خصوصی عدالت کے جج کے خلاف پریس کانفرنس پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ امور شہزاد اکبر اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور عدالت میں پیش ہوئے۔ شہزاد اکبر نے عدالت کے روبرو غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ توہین عدالت کا سوچ بھی نہیں سکتے، جو ہوا اس پر معافی چاہتے ہیں اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔

انور منصور نے بھی عدالت کے روبرو غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پتہ نہیں مجھے کیوں فریق بنایا گیا، جو کچھ ہوا اس پر معاوفی چاہتے ہیں۔ جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اور پارلیمنٹ سپریم ادارے ہیں، ان کا احترام سب پر لازم ہے، کسی کے خلاف کوئی فیصلہ آئے تو جذبات میں نہیں آنا چاہیئے، آپ اس وقت ایک ذمہ دار عہدے پر فائز تھے، آپ ان کو روک سکتے تھے، شائد اسی وجہ سے آپ کو فریق بنایا گیا ہے، کوئی عام ملزم اگر اس طرح کرے تو ہم اس کو چھوڑ دیتے ہیں، اس کو ہم برداشت کرتے ہیں، اگر بڑے عہدے پر بیٹھے لوگ اس طرح کرتے ہیں تو اچھی بات نہیں ہے۔ جسٹس سید عتیق شاہ نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل نے انٹرنیشل کورٹ آف جسٹس میں اس فیصلے کا حوالہ دیا۔ ایک طرف آپ اس فیصلے کو اچھا قرار دیتے ہیں اور اس کے خلاف پریس کانفرنس بھی کرتے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل عزیز الدین کاکاخیل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نہال ہاشمی اور طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس میں عدالت نے ان کو سزا دی تھی۔ انہوں نے بھی توہین عدالت کی ہے، ان کو بھی سخت سزا دی جائے۔ عدالت نے شہزاد اکبر اور انور منصور کو حکم دیا کہ وہ اپنا بیان حلفی جمع کرائیں، پھر ہم استثنیٰ دیں گے، وزیراعظم بھی اپنا بیان حلفی جمع کریں، عدالت نے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
خبر کا کوڈ : 918535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش