QR CodeQR Code

شام کے سرحدی علاقے پر حملوں کے "پیغام" بارے جوبائیڈن کی ہرزہ سرائی

27 Feb 2021 06:51

خبرنگاروں کیساتھ گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کیلئے اس حملے کا پیغام یہ ہے کہ "تم سزا سے بچتے ہوئے (ہمارے خلاف) کوئی اقدام نہیں کرسکتے، خیال رکھو!"


اسلام ٹائمز۔ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے عراقی سرحد کے قریب واقع شامی علاقے پر گذشتہ شب ہونے والے امریکی حملے کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے۔ خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں اس حملے کے پیغام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ایران کے لئے اس حملے کا پیغام یہ ہے کہ "تم سزا سے بچتے ہوئے (ہمارے خلاف) کوئی اقدام نہیں کرسکتے، خیال رکھو!" اس حوالے سے امریکی وزارت دفاع کے پریس سیکرٹری جان کربی (John Francis Kirby) نے بھی جمعے کی شام دعویٰ کیا ہے کہ 2 امریکی F-15 طیاروں کی جانب سے شام کے مشرقی علاقے بوکمال میں 7 گائیڈڈ میزائلوں کے ساتھ حملہ کیا گیا تھا، جس میں 9 تنصیبات مکمل تباہ اور دوسری 2 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کی شب امریکی لڑاکا طیاروں کی جانب سے شام و عراق کی سرحد کے قریب واقع حشد الشعبی کے ایک مرکز پر ہوائی حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک بے گناہ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ عراقی سرزمین سے عالمی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم داعش کے خاتمے میں عراق کی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کا بڑا اور انتہائی اہم کردار ہے جبکہ گذشتہ چند سالوں کے دوران اس کے فوجی مراکز و قافلوں پر ہونے والے امریکی حملوں میں تاحال متعدد کمانڈروں سمیت حشد الشعبی کے دسیوں مجاہد شہید ہوچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 918575

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918575/شام-کے-سرحدی-علاقے-پر-حملوں-پیغام-بارے-جوبائیڈن-کی-ہرزہ-سرائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org