0
Saturday 27 Feb 2021 12:24

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ منفی، غلط اور ناقابل قبول ہے جسے مسترد کرتے ہیں، سعودیہ

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ منفی، غلط اور ناقابل قبول ہے جسے مسترد کرتے ہیں، سعودیہ
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر امریکی رپورٹ مسترد کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمال خاشقجی قتل کے معاملے پر امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ منفی، غلط اور ناقابل قبول ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔
 
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ امریکی رپورٹ میں غلط معلومات کی بنیاد پر نتیجہ اخذ کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ جمال خاشقجی قتل میں سعودی حکام نے ملکی قوانین کے تحت ہر ممکن قدم اٹھایا اور بہتر انداز میں تحقیقات کیں تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے جب کہ ملزمان کو سعودی عدالت سے مجرم ٹھہرا کر سزائیں بھی دیں جن کا جمال خاشقجی کے اہلخانہ نے خیر مقدم کیا۔
 
سعودی وزارت خارجہ نے امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ میں  سعودی قیادت اور ملک کے عدالتی نظام پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کردیا۔ واضح رہےکہ امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ جاری کی ہے جو 2 سال پرانی ہے۔
 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صحافی جمال خاشقجی کو پکڑنے یا قتل کرنے کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں آپریشن کی منظوری دی۔ خیال رہے کہ جمال خاشقجی کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں یہ کہہ کر بلایا گیا تھا کہ وہ اپنی شادی سے متعلق کاغذی کارروائی یہاں مکمل کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 918626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش