QR CodeQR Code

شام پر امریکی حملے شامی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور فوجی تصادم و عدم استحکام کا باعث ہیں، ایران

26 Feb 2021 23:44

خبرنگاروں کیساتھ گفتگو میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی ہے کہ شام پر ہونیوالے امریکی حملے درحقیقت شام کیخلاف صیہونی حملوں کا تسلسل اور نہ صرف شامی خودمختاری اور اس کی جغرافیائی سالمیت پر حملہ ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایران نے شام کے مشرقی علاقوں پر امریکہ کی جانب سے کئے جانے والے ہوائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف گھناؤنی جارحیت قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا یہ حملے شامی سرزمین پر انجام پانے والے صیہونی حملوں کا تسلسل ہے۔ سعید خطیب زادہ نے تاکید کی کہ یہ حملے ایک ایسے وقت میں انجام پائے ہیں جب امریکہ گذشتہ کئی سالوں سے غیر قانونی طور پر شامی سرزمین پر موجود ہے اور اس نے شامی سرزمین پر غیرقانونی قبضہ جما کر اس کے مسلمہ حق "تیل اور دوسرے قدرت وسائل" کو لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ علاوہ ازیں امریکہ نے شامی سرزمین پر غیر قانونی طور پر فوجی اڈے بھی قائم کر رکھے ہیں جنہیں اس کی جانب سے دہشتگردوں کو عسکری تربیت فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام پر ہونے والے امریکی حملوں کو شامی خودمختاری اور اس کی جغرافیائی سالمیت سمیت بین الاقوامی قوانین کی بھی گھناؤنی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ غیر قانونی حملے خطے میں فوجی تصادم اور عدم استحکام کا باعث بنیں گے۔


خبر کا کوڈ: 918637

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918637/شام-پر-امریکی-حملے-شامی-خودمختاری-کی-کھلی-خلاف-ورزی-اور-فوجی-تصادم-عدم-استحکام-کا-باعث-ہیں-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org