0
Saturday 27 Feb 2021 18:47

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز ضمانت پر رہا، مریم نواز سمیت لیگی کارکنوں کا شاندار استقبال

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز ضمانت پر رہا، مریم نواز سمیت لیگی کارکنوں کا شاندار استقبال
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جیلیں ہمارے لیے نئی بات ہیں نہ ہی سیاسی انتقام سے گھبرائیں گے، نااہل حکمرانوں نے ملک تباہ کردیا، چوروں کو ساتھ بٹھا کر ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ جیل کے باہر مریم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ حمزہ شہباز کو 20 ماہ بعد جیل سے رہا کیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہباز کے 1، 1 کروڑ کے 2 مچلکوں کے عوض حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت ڈیوٹی جج اکمل خان نے حمزہ شہباز کے روبکاری جاری کی۔ حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کيس ميں ضمانت منظور ہوئیں۔ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ کيس ميں 11جون سال 2019ء کو گرفتار کيا گيا تھا۔
قبل ازیں کوٹ لکھپت جیل روانگی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پارٹی کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ حمزہ نے 2 سال ناحق جیل کاٹی ہے۔ حمزہ نے بہادری کیساتھ جھوٹے کیس کا مقابلہ کیا۔ ضمنی انتخاب پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک حلقہ کھلا تو پوری اصلیت سامنے آگئی۔ یہ ایک حلقے کا ری الیکشن برداشت نہیں کر سکتے، اس لئے چیلنج کر رہے ہیں۔ سینیٹ الیکشن پر میں کچھ نہ کہوں تو بہتر ہے۔ میری تمام تر توجہ ڈسکہ ضمنی انتخاب پر ہے۔ یہ ری الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم این ایز جانتے ہیں عمران خان کی کارکردگی نے ان کے ووٹ بینک پر اثر ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دوبارہ آنے کا چانس نہیں ہے۔ یہ لوگ اب گئے تو دوبارہ حکومت میں نہیں آئیں گے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی خود رابطے کر رہے ہیں اور اچھا کر رہے ہیں۔ وہ دونوں پارٹیوں کیلئے خدمات انجام دے رہیں ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے احکامات 27 فروری بروز ہفتہ موصول ہوئے۔ روبکاری ملنے پر جیل کے باہر نون لیگی کارکنوں کا ہجوم جمع ہو گیا، جنہوں نے اپنے رہنما کے حق میں نعرے اور خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرنا شروع کردیں۔ نون لیگی قیادت کی جانب سے حمزہ شہباز کو ريلی کی صورت ميں ماڈل ٹاؤن لے جايا جائے گا۔ اس سلسلے میں 12 مقامات پر حمزہ شہباز کيلئےاستقبالی کيمپ لگائے گئے ہيں۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پہلے آٹا ایکسپورٹ پھر امپورٹ کیا گیا، دوائیوں میں 350 فیصد اضافہ کیا گیا، آٹا، چینی، ادویات چور آج بھی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ شوگر انکوائری رپورٹ کہتی ہے چینی میں اربوں کا غبن ہوا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف مفروضوں پر مبنی الزامات، دوسری طرف آٹا، چینی چور پکڑے جاتے ہیں۔ چھ ہفتوں سے دال، آٹا، چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انتقام کی آگ ٹھنڈی ہونے کا نام نہیں لے رہی، جب ملتا کچھ نہیں تو غصہ 22 کروڑعوام پرنکالتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کے وکیل نے کہا ثبوت نہیں کہانی مفروضوں پر مبنی ہے۔ عمران نیازی کے کرائے کے ترجمان کاغذ لہراتے ہیں۔ پریس کانفرنسز میں کاغذ لہرا کر روز جھوٹ بولتے ہیں، براڈشیٹ کیس میں یہ لندن میں خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، حنیف عباسی، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ سب جیل گئے، کس کس کا نام لوں، تین سال بدترین انتقام کے باوجود ایک پائی ثابت نہیں ہو سکی۔ یہ حکومت نہیں جعلی حکومت ہے، اس حکومت کو بنے ہوئے تین سال ہو گئے۔ کبھی کسی نے ایسا لیڈر دیکھا اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آ کرجیل چلا گیا، نواز شریف نے عمران نیازی کے انتقام کا سامنا کیا۔ جیلیں مسلم لیگ (ن) کے لیے نئی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیّدہ نوشین افتخار جیت گئی، راتوں رات پولنگ افسران کو اغواء کر لیا گیا، کہتے ہیں دھند تھی ہرطرف مایوسی کی دھند چھائی ہوئی ہے۔ نوازشریف،شہبازشریف نے اربوں کے منصوبے لگائے، نوشہرہ کی عوام نے ان کے جھوٹ کو مسترد کیا۔ بنی گالہ کی تجاوزات کو ریگولر کیا گیا۔ بنی گالہ میں بیٹھ کر غریبوں کی جھونپڑیاں گراتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 918697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش