0
Saturday 27 Feb 2021 19:15

لاہور، جشن مولود کعبہؑ کے سلسلہ میں جامعہ المنتظر میں تقریب

حضرت علیؑ کی عدالت ضرب المثل ہے، آپکی ذوالفقار بھی برابر کاٹتی تھی، علامہ افضل حیدری
لاہور، جشن مولود کعبہؑ کے سلسلہ میں جامعہ المنتظر میں تقریب
اسلام ٹائمز۔ جامعتہ المنتظر میں جشنِ میلاد امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام منایا گیا۔ اس حوالے سے تقریب علی مسجد میں منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور مہتمم اعلیٰ جامعتہ المنتظر علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ حضرت علی ؑ کی پرورش، کفالت، اور تربیّت کی ذمہ داری رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود قبول فرمائی۔ امیرالمومنین علی ؑ فرماتے تھے رسول اللہ نے انہیں علم ایسے دیا جیسے پرندہ اپنے بچے کو غذا دیتا ہے، یعنی حضور نے اللہ سے جیسے علم لیا ویسے علی کو دیا۔ جبکہ مولا علیؑ کا فرمان ہے کہ پیغمبر نے مجھے علم کا ہزار باب تعلیم کیا۔ اسی وجہ سے انہوں نے سلونی قبل ان تفقدونی یعنی جو چاہو پوچھو کا غیر معمولی دعویٰ کیا۔ علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام متضاد صفات کے حامل تھے۔ فقر کی حالت میں سخاوت، شُجاعت کے ساتھ نرم دلی، حکومت کے ہوتے ہوئے زُہد و پرہیزگاری، قدرت و طاقت کے باوجود صبر و تحمل، اختیار کے باوجود عفو و درگزر ان کی ذات گرامی کا حصہ تھے اور پوری زندگی اسی پر کاربند رہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ کی عدالت ضرب المثل ہے حتیٰ کہ آپ کی ذوالفقار بھی دشمنوں کو بالکل برابر کے دو حصوں میں کاٹتی تھی۔ مولا علی ؑ زندگی بھر عدالت پر اس سختی سے کار بند رہے کہ یہی صفت آپ کی شہادت کا باعث بنی اور کہا گیا قُتِل علی فی محرابہ لشدة عدلہ عدالت پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی وجہ سے علیؑ کو محراب میں قتل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت مریم علیہ السلام کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے پہلے بیت المقدس سے باہر جانے کا حکم دیا گیا جبکہ حضرت علیؑ کی والدہ فاطمہ بنت ِاسد کیلئے کعبہ کی دیوار شگافتہ ہوئی، وسطِ کعبہ میں علی ؑ پیدا ہوئے۔ تین دن بعد دوبارہ دیوار شگافتہ ہوئی اور وہ بچے کو لے کر باہر آئیں۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ تین دن تک بچے نے آنکھیں کھولیں ،نہ ماں کا دودھ پیا۔ کعبہ سے باہر آنے کے بعد رسول اللہ کے ہاتھوں پر آنکھیں کھولیں اور پیغمبر کی زبان مبارک کو چوسا اور تین دن کی عمر میں ہی سیدالمرسلین کے ہاتھوں پر سورہ مبارکہ المومنون کی ابتدائی آیات کی تلاوت کیں۔
خبر کا کوڈ : 918702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش