0
Saturday 27 Feb 2021 19:37

عمران خان کے دوبارہ آنے کا چانس نہیں ہے، مریم نواز

عمران خان کے دوبارہ آنے کا چانس نہیں ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک بار تو ووٹ چوری کرکے حکومت میں آ گئے لیکن اب دوبارہ ان کے آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ حمزہ شہباز کے استقبال کے لیے کوٹ لکھپت جیل روانگی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بہت بہادری، جرات اور ہمت کے ساتھ اتنی لمبی جیل کاٹی ہے، مجھے خوشی ہے کہ وہ ڈٹے رہے اور کہیں لغزش نہیں دکھائی اور بہادری کے ساتھ جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کیا۔ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو بڑے بڑے دعوے کرتے تھے کہ حلقے کھول دو، اب ایک حلقہ کھلا تو پوری اصلیت اور حیثیت سامنے آگئی اور وہ ایک حلقے کے ری الیکشن کو ہی چیلنج کر رہے ہیں اور چیلنج اس لیے کر رہے ہیں کہ چوری پکڑی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دوبارہ ضمنی انتخاب سے فرار اختیار کر رہے ہیں کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ صاف و شفاف انتخاب ہو گیا تو ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی، ہمیں کہا جاتا تھا کہ امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں یہاں تو امپائر کو ہی اغوا کر لیا گیا اور اس کے بعد بھی انتخاب نہیں جیت پائے۔ مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ انتخابات اور ڈسکہ کے دوبارہ ضمنی انتخاب کے بعد لانگ مارچ کی تیاریاں شروع ہوں گی اور عوام اس کے لیے تیار ہیں، لیکن ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اب انہیں ووٹ دینے کو تیار نہیں کیونکہ انہیں اپنے حلقوں میں جا کر عوام کا سامنا کرنا ہوتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ عمران خان کی نالائقی و نااہلی نے ان کے ووٹ بینک پر بھی بُرا اثر ڈالا ہے، عمران خان ایک بار تو ساز باز کرکے اور ووٹ چوری کرکے آگئے اب دوبارہ ان کا چانس نہیں ہے۔ پنجاب سے سینیٹ انتخابات کے لیے تمام امیدواروں کے بلامقابلہ منتخب ہونے کے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کچھ نہ بولوں تو بہتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 918708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش