QR CodeQR Code

 ریاست مدینہ نظام کے ساتھ ایران، چین، امریکہ جیسا نظام لانے کی باتیں قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ہے، لیاقت بلوچ 

27 Feb 2021 19:51

بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ فوجی آمروں اور ماضی کی سیاسی حکومتوں نے انتخابات کی چوری کی لیکن عمران خان سرکار نے چیئرمین سینیٹ، ایوان بالا، انتخاب اور ضمنی انتخاب پر ڈاکہ مارا ہے، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات اسٹیبلشمنٹ نے خیرات میں نہیں دینے، انتخابی اصلاحات کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو قومی قومی ڈائیلاگ کرنا ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومتی نااہلی، ناکامی اور عوام دشمن حربوں کے خلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے، عمران خان کے ناجائز اقتدار کو عوام نے برداشت کیا کہ فوجی آمریتوں، پی پی اور مسلم لیگ کی ناکامیوں کے بعد حالات بدلیں گے لیکن تبدیلی، رسوائی اور سونامی تباہی بن گئی ہے۔ حکومت ملک کے نظام کے لیے کنفیوژن کا شکار ہے، عمران خان نظام پر بھی یوٹرن لیتے چلے جارہے ہیں، ریاست مدینہ نظام کے ساتھ ایران، چین، امریکہ جیسا نظام لانے کی باتیں قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ہے۔ اسلام کی حکمرانی اور قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کا نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی جامع الاسلامیہ جدیدہ کی سالانہ ختم بخاری تقریب، بہاولپور میں عوامی جلسہ اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمہوری، انتخابی اور پارلیمانی نظام قیادت کی تبدیلی اور ریاستی نظام کے استحکام کا ذریعہ ہے لیکن انتخابی نظام کو داغدار اور مذاق بنا دیا گیا ہے، فوجی آمروں اور ماضی کی سیاسی حکومتوں نے انتخابات کی چوری کی لیکن عمران خان سرکار نے چیئرمین سینیٹ، ایوان بالا انتخاب اور ضمنی انتخاب پر ڈاکہ مارا ہے، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات اسٹیبلشمنٹ نے خیرات میں نہیں دینے، انتخابی اصلاحات کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو قومی قومی ڈائیلاگ کرنا ہوں گے۔ جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کے لیے سفارشات کی دستاویز تیار کر لی ہے، تمام سیاسی، دینی اور قومی قیادت سے ملاقات کر کے انتخابی اصلاحات پر قومی کردار کے لیے تیار کریں گے۔   

لیاقت بلوچ نے کہاکہ قرض، سود، کرپشن، بدعنوانیوں کی لعنت سے مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور میرٹ کی پامالی عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے۔ زراعت، تجارت، صنعت کے لیے پیداواری لاگت کا بوجھ ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ زراعت قومی معیشت کی شہ رگ ہے لیکن شہ رگ کو ہی کاٹ کر ملک و ملت کو آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف کا غلام بنادیا ہے۔ خودانحصاری، اپنی قوم پر اعتماد اور اسلام کا معاشی نظام ہی بحرانوں کا حل ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی تاریخ میں حکومتوں کی ناکامی اور اپوزیشن اتحادوں کے تضادات نوشتہ دیوار ہیں، جماعت اسلامی نے اسلامی انقلابی منشور، صاف ستھرے کردار اور ملک بھر سے اہل دیانتدار اور محب وطن افراد کو متحد کر کے ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کی تحریک شروع کردی ہے۔


خبر کا کوڈ: 918712

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918712/ریاست-مدینہ-نظام-کے-ساتھ-ایران-چین-امریکہ-جیسا-لانے-کی-باتیں-قیام-پاکستان-مقاصد-سے-انحراف-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org