0
Saturday 27 Feb 2021 20:15

کوئٹہ، عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتہ رہنما کی لاش مل گئی

کوئٹہ، عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتہ رہنما کی لاش مل گئی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کی پانچ ماہ بعد لاش مل گئی۔ واقعے کے خلاف پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے منان چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ پولیس نے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اسد خان اچکزئی کی لاش کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار سے ملی۔ لاش 50 فٹ گہری کاریز میں پڑی ہوئی تھی جسے کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ لاش تین سے چار ماہ پرانی اور مسخ شدہ تھی۔

اسد خان اچکزئی کے بھائی کلیم اللہ نے لاش کو شناخت کیا جبکہ اسد خان اچکزئی کے اہلخانہ اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے بھی اسد خان اچکزئی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسد خان اچکزئی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کا تعلق مستونگ سے ہے اور لیویز فورس کا ملازم ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اسد خان اچکزئی کی ہلاکت کے خلاف کوئٹہ میں پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر چوک کو بند کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اے این پی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ایک عرصے سے دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے نہ ہی ہم اپنے بیانیے سے پیچھے ہٹیں گے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اسد خان اچکزئی کی تدفین کل چمن میں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اسد اخان اچکزئی کو پانچ ماہ قبل کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ سے اغوا کیا گیا تھا۔ ان کے اغوا کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں کیس زیر سماعت تھا۔ اسد خان اچکزئی اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کے چچا زاد بھائی تھے جبکہ اصغر خان کے والد جیلانی خان اور ایک بھائی عسکر خان کو بھی اس سے قبل نامعلوم افراد قتل کرچکے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 918726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش