0
Saturday 27 Feb 2021 20:18
پاکستان کا گرے لسٹ سے نہ نکلنا کمزور خارجہ پالیسی کی علامت ہے

تینوں بڑی پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے ایشو پر صرف سیاست کی ہے عوام کو کچھ نہیں دیا، سراج الحق

تینوں بڑی پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے ایشو پر صرف سیاست کی ہے عوام کو کچھ نہیں دیا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ گذشتہ پانچ حکومتیں وعدوں کے باوجود پانچواں صوبہ نہیں بنا سکیں، پی ٹی آئی کا سونامی بدنامی کے بعد اب اختتامی سفر پر چل پڑا ہے۔ ملک کو کرونا وائرس یا حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زیادہ نقصان پہنچا اس کا فیصلہ تو وقت کرے گا، مگر یہ واضح ہو گیا ہے کہ قوم اب پی ٹی آئی کے سونامی سے پناہ مانگنے لگی ہے، لوگ وائرس سے کم اور حکمرانوں سے زیادہ خوفزدہ ہیں، کوئی شک نہیں سونامی اور کرونا اللہ تعالی کی طرف سے عذاب ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی فرسٹریشن عروج پر ہے، فٹ پاتھوں پر سونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور غربت کے ہاتھوں تنگ افراد خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ وزیراعظم نے 22 کروڑ عوام کے دل دکھی کر دیے ہیں۔ حکمران سیاسی پارٹیاں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلبز ہیں، حکمرانوں کے شہزادے، شہزادیاں اندرون اور بیرون ملک پلازے تعمیر کر رہے ہیں، غریبوں کے باصلاحیت اور پڑھے لکھے بچے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں پر بیٹھے ہیں۔ پاکستان کا گرے لسٹ میں رہنا حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں اب جماعت اسلامی کو آزمائے۔ ڈسکہ میں لڑنے والے اپنے مفادات کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔ انتظامی بنیادوں پر صوبہ جنوبی پنجاب کی تخلیق کی حمایت کرتے ہیں۔ تینوں بڑی پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے ایشو پر صرف سیاست کی ہے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ حکمران بتائیں کہ کرونا فنڈز میں سے کتنی رقم جنوبی پنجاب میں خرچ کی گئی۔ 21 مارچ کو ملتان میں بڑا جلسہ کریں گے۔


سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر افسوس اور حیرانی کا اظہار کیا کہ ایف اے ٹی ایف کے غلامانہ قوانین کی آنکھیں بند کر کے پیروی کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں ہی رکھا گیا ہے۔ فرانس نے انڈیا کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کی سب سے زیادہ مخالفت کی، پاکستان کا گرے لسٹ سے نہ نکلنا کمزور خارجہ پالیسی کی علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے اردگرد کے ممالک ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر رہے ہیں، مگر ہمارے یہاں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے۔ یہ واضح ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی سو سال بھی حکومت کر
لے حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتی، حکمران ویژن سے محروم ہیں اور انھوں نے صرف قوم کو بے وقوف بنانے کی سپیشلائزیشن کی ہوئی ہے۔ ملک کی نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم 73سالوں سے ان جماعتوں اور مارشل لاز کی حکومتوں کے تجربات سے گزر کر اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ یہ سب ایک ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ایک دوسرے کے مفادات کا بھرپور تحفظ کرتی ہیں۔ ماموں ایک پارٹی میں ہے تو بھانجا دوسری میں، چھوٹے بھائی نے پی ٹی آئی کا پرچم اٹھایا ہوا ہے تو
بڑے بھائی نے ن لیگ کا۔ ملک میں سرمایہ دارانہ نظام کے تحفظ اور مغرب کی تابعداری کرنا ان سب کے اولین مقاصد میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کو سالہا سال سے وعدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ علاقہ میں بے روزگاری، غربت کا دور دورہ ہے، انفراسٹرکچر تباہ ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 918728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش