سعودی حکومت نے خاشقجی کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے، پاکستان
27 Feb 2021 23:32
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دیکھا کہ سعودی حکومت نے جمال خاشفجی کے قتل کو سلطنت کے قوانین اور اقدار کیخلاف قرار دیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جمال خاشفجی پر امریکی رپورٹ آنے کے بعد پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، سعودی حکومت نے اس معاملہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے انٹیلجنس رپورٹ دیکھی ہے۔ رپورٹ پبلک ریلیز کی صورت میں جمال خاشفجی کے قتل کے بارے میں انٹیلی جنس پر مبنی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دیکھا کہ سعودی حکومت نے جمال خاشفجی کے قتل کو سلطنت کے قوانین اور اقدار کے خلاف قرار دیا ہے، سعودی حکومت نے صحافی کے قتل میں ملوث کرداروں کو سزا دلوانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملوث کرداروں کی تحقیقات کرکے انہیں سزائیں دلوائیں، سعودی حکومت نے اس معاملہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے، پاکستان صحافی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے۔ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان صحافی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے، پاکستان اس حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی قتل سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے مفروضوں اور غلط معلومات پر مبنی قرار دے دیا۔
خبر کا کوڈ: 918767