0
Sunday 28 Feb 2021 19:17

سینیٹ الیکشن، سندھ میں تحریک انصاف شدید مشکلات کا شکار

سینیٹ الیکشن، سندھ میں تحریک انصاف شدید مشکلات کا شکار
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں سندھ سے پاکستان تحریک انصاف کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماء مولوی محمود نے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا تھا، جس میں اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ظہرانے میں گھوٹکی سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار شر نے شرکت نہیں کی، ان کا تحریک انصاف کے کسی رہنماء یا رکن سے بھی رابطہ نہیں۔ ظہرانے کے دوران ایک رکن اسمبلی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حلف کس بات کا اٹھائیں، ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، اگر یہ شک والا معاملہ رہا تو ووٹ نہیں دوں گا۔

اس ظہرانے کی دعوت ایم کیو ایم پاکستان کو بھی دی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے ظہرانے میں شرکت کی حامی بھری تھی۔ اسد عمر اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت ایم کیو ایم کے ارکان کا انتظار کرتی رہ گئی، لیکن وہ نہ آئے۔ بعد میں ان کی جانب سے ظہرانے میں شرکت سے معذرت کر لی گئی۔ ایم کیو ایم کی عدم شرکت پر وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان لوگوں کی کچھ مصروفیات تھیں، اس لیے وہ لوگ نہیں آسکے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے ہارس ٹریڈنگ کے خطرے کے پیش نظر اراکین اسمبلی کو اپنی نقل و حرکت سینیٹ انتخابات تک محدود کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں کراچی بلا لیا ہے، اراکین اسمبلی کو 3 روز تک کراچی میں مخصوص مقامات پر ٹھہرایا جائے گا، تمام اراکین اسمبلی ووٹ ڈالنے ایک ساتھ اسمبلی پہنچیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے بھی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی 2 نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں، لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 918878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش