0
Sunday 28 Feb 2021 21:53

بھارت نے جیسے انگریزوں کو واپس بھیجا، ویسے ہی مودی کو ناگپور بھیج دیںگے، راہل گاندھی

بھارت نے جیسے انگریزوں کو واپس بھیجا، ویسے ہی مودی کو ناگپور بھیج دیںگے، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی تمل ناڈو کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اساتذہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بھارت کی مودی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے دشمن سے نبردآزما ہیں جو اپنے مخالفین کو کچل رہا ہے، لیکن ہم ایسے لوگوں کو پہلے بھی بھاگنے پر مجبور کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریز نریندر مودی سے بہت زیادہ طاقتور تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے لوگوں نے جس طرح انگریزوں کو واپس بھیج دیا، ویسے ہی ہم نریندر مودی کو ناگپور واپس بھیج دیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میں تمل ناڈو کے وزیراعلٰی سے بہت مایوس ہوں کیونکہ نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہونے اور سوال پوچھنے کے بجائے انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے کی واحد وجہ یہ ہے کہ وزیراعلٰی بدعنوان ہیں اور نریندر مودی کے پاس ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر ادارے ہیں۔

بھارت کے نظام تعلیم پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اگر ہمیں نظام تعلیم کے حوالے سے کوئی پالیسی یا منصوبہ بنانا ہے تو اس کے لئے ہمیں طلباء اور اساتذہ سے بات چیت کرنی ہوگی۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک خواتین کا احترام نہ کیا جائے اور انہیں بااختیار نہ بنا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف امیروں کے لئے نہیں بلکہ سبھی کے لئے ہونی چاہیئے۔ کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ آج ہر چیز کو ایک مالی اثاثہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 918888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش