QR CodeQR Code

امریکی میرینز کی آمد ملکی سلامتی کیخلاف ہے،اسداللہ بھٹو

4 Aug 2009 09:11

جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی پراسرار سرگرمیوں اور امریکی میرینز کی دارالحکومت میں آمد کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت


کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی پراسرار سرگرمیوں اور امریکی میرینز کی دارالحکومت میں آمد کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملکی آزادی و خودمختاری اور پاکستان کی  سالمیت کو یقینی بنائے اور بیرونی قوتوں کی سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنے اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔ایک بیان میں انہوں کہا کہ ہر ملک میں بیرونی سفارتخانوں کیلئے کچھ حدود و قیود ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا بیرونی سفارتخانوں کیلئے لازمی ہوتا ہے، لیکن اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ ہمارے قومی معاملات میں براہ راست مداخلت اور ریاست کے اند ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے، جو نہ صرف سفارتی آداب کی خلاف ورزی بلکہ ہمارے حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،جن قوموں کی آزادی بیرونی آقاﺅں کے پاس گروی اور خارجہ و داخلہ پالیسی بیرونی طاقتوں کے ماتحت ہو ان کا حشر اس سے بھی برا ہوتا ہے ۔سابق ڈکٹیٹر جنرل(ر) پرویز مشرف نے اپنے 8سالہ دور حکمرانی میں ملک کے تمام اداروں اور آزادی و خود مختاری کوامریکی غلامی میں دے دیا تھا اور ایسے خفیہ معاہدے کیے گئے جن کی وجہ سے ملکی معاملات میں امریکی مداخلت اور ڈکٹیشن سے پورا ملک تباہی کے کنارے پر پہنچ گیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی خبروں کے مطابق پینٹاگون کے بعد امریکا سے باہر پوری دنیا میں سب بڑا امریکی خفیہ مرکز،جاسوسی کا سب سے بڑا نیٹ ورک اسلام آباد کے امریکی سفارتخانے میں قائم ہونے جارہا ہے، جہاں پر امریکی میرینز اور سی آئی ے کے اہلکار موجود ہوں گے اور چین،ایران کے علاوہ پورے خطے کی نگرانی کریں گے،جس سے ہمارے ایٹمی اثاثوں کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔




خبر کا کوڈ: 9189

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/9189/امریکی-میرینز-کی-آمد-ملکی-سلامتی-کیخلاف-ہے-اسداللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org