QR CodeQR Code

آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا، مصطفیٰ کمال

28 Feb 2021 22:54

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ظلم کی دیوار گرے گی، بہت عرصے سے کہتا رہا ہوں ظلم کی شہ رگ کٹے گی، اللہ نے مظلوموں کی آواز سن لی ہے، اگر کوئی بھائیوں کو لڑوائے گا تو مصطفیٰ کمال سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کے دشمنوں نے زبان کے نام پر قتل عام کروایا، ماضی کے حکمرانوں نے بھائی کو بھائی سے لڑا کر شہدا قبرستان آباد کیا لیکن آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پی ایس پی کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ظلم کی دیوار گرے گی، بہت عرصے سے کہتا رہا ہوں ظلم کی شہ رگ کٹے گی، اللہ نے مظلوموں کی آواز سن لی ہے، میری آواز پر سہراب گوٹھ کے پشتونوں نے لبیک کہہ کر نفرتیں ختم کردیں۔

سابق ناظم کراچی نے کہا کہ سیٹیں مصطفیٰ کمال کی جوتی کی نوک پر ہوتی ہیں، اگر کوئی بھائیوں کو لڑوائے گا تو مصطفیٰ کمال سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گا، کراچی سے خیبر تک ظلم کے نظام کو ختم کردیں گے، آج بھائی کو بھائی سے لڑانے والا دشمن بھی دیکھ رہا ہوگا، ہم نے دشمنوں کی سازشوں کو نیست و نابود کردیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں قونصلیٹ سفارت کاری نہیں دہشت گردی کے لئے بنائے، بھارت پاکستان میں افغانستان کے ذریعے دہشت گردی کراتا ہے، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 918902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918902/آج-کے-بعد-زبان-نام-پر-کسی-کو-خراش-نہیں-آنے-دوں-گا-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org