0
Sunday 28 Feb 2021 23:21

عالم اسلام کے حکمران بے اختیار ہیں، سینیٹر مشتاق خان

عالم اسلام کے حکمران بے اختیار ہیں، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ رسول اللہ (ص) کی امت محکوم اور کمزور ہے، قرآن کی حرمت اور ناموس رسالت (ص) محفوظ نہیں، کشمیر، مسجد اقصیٰ اور فلسیطن میں امت ظلم کا شکار ہے۔ عالم اسلام کے حکمران بے اختیار ہیں، ان کا اختیار عالم کفر کے پاس ہے، دنیا کی 24 فیصد آبادی، 19 فیصد رقبہ اور 70 فیصد قدرتی دولت رکھنے کے باوجود امت مسلمہ کی صورتحال خراب ہے۔ 64 فیصد نوجوان ہیں جو ذرخیز دماغ رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود ترقی اور خوشحالی سے دور ہیں، مساجد و مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کی غلامی میں پاس کیا گیا وقف پراپرٹی بل مساجد و مدارس کا دشمن ہے۔ حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لئے 12 بل پاس کئے لیکن وہاں سے گرے لسٹ سے نکالنے کی بجائے ڈو مور کا مطالبہ آگیا۔ اس وقت 73 کروڑ مسلمان ان پڑھ ہیں، جنہیں لکھنا پڑھنا نہ آتا ہو وہ قرآن و حدیث سے کیا رہنمائی لیں گے۔ حکمرانوں نے قصداً رسول اللہ کی امت کو علم و تحقیق سے دور رکھا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ مسلمان کفار کی غلامی سے آزاد ہوں۔ گھروں کو قرآن کے مراکز بنانے کی ضرورت ہے۔ مساجد و مدارس کی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مفتاح العلوم ہشتنغرو کلے شیر گڑھ ضلع مردان میں تقریب دستار فضیلت و ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، جامعہ مفتاح العلوم کے مہتمم مولانا عبدالبر، مولانا صفی اللہ، جماعت اسلامی قلع مردان کے امیر غلام رسول اور سابق ضلعی امیر مولانا سلطان محمد نے بھی خطاب کیا۔ جامعہ مفتاح العلوم شیر گڑھ میں فارغ ہونے والے فضلاء میں 65 طلبہ، 13 مفتیان عظام اور 28 طالبات شامل ہیں۔ اس موقع پر فراغت پانے والے طلباء و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت نے فرانس کے سفیر کو ابھی تک ملک بدر نہیں کیا۔ فرانس نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈلوایا، حکومتی سرپرستی میں رسول اللہ کی توہین کی، لیکن مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے شان رسالت (ص) پر معمولی سی غیرت بھی نہ دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد قوانین ایف اے ٹی ایف کے مانے گئے لیکن اس کے باوجود پاکستان کو وائٹ لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ 
خبر کا کوڈ : 918905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش