QR CodeQR Code

آئی اے ای اے گورننگ باڈی اجلاس، اگر ایران کیخلاف قرارداد منظور کی گئی تو بھرپور جواب دینگے، صالحی

28 Feb 2021 23:27

ایران کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی و سیاست خارجہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز نے "الحاقی پروٹوکول" پر عملدرآمد کے روکے جانے کے حوالے سے ایران کیخلاف کوئی نئی قرارداد منظور کی تو ایران اسکا بھرپور جواب دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کے بارے میں کل ویانا میں منعقد ہونے والے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر اس اجلاس میں ایران کے خلاف کوئی نئی قرارداد منظور کی گئی تو ایران اس کا بھرپور جواب دے گا۔ تفصیلات کے مطابق علی اکبر صالحی نے ایرانی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی و سیاست خارجہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز نے "الحاقی پروٹوکول" پر عملدرآمد کے روکے جانے کے حوالے سے ایران کے خلاف کوئی نئی قرارداد منظور کی تو ایران اس کا بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایرانی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے اس حوالے سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو ایک خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

علی اکبر صالحی نے ایران کی جانب سے رضاکارانہ طور پر جاری رکھے جانے والے "عالمی جوہری توانائی ایجنسی سیف گارڈز کے الحاقی پروٹوکول" پر عملدرآمد کے روکے جانے سے متعلق عالمی جوہری توانائی ایجنسی اور اس تنظیم کے درمیان طے پانے والی یادداشت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ یادداشت خفیہ ہے اور اس میں کوئی خاص شرائط بیان نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس یادداشت میں ایرانی جوہری تنصیبات اور وہاں نصب حفاظتی کیمروں کے بارے ذکر ہونے والی تفصیلی معلومات، حفاظتی تحفظات اور اساسی (جوہری) تنصیبات کے خفیہ رکھے جانے کی ضرورت کی بناء پر یہ یادداشت ہمیشہ خفیہ رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 918908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918908/آئی-اے-گورننگ-باڈی-اجلاس-اگر-ایران-کیخلاف-قرارداد-منظور-کی-گئی-بھرپور-جواب-دینگے-صالحی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org