0
Monday 1 Mar 2021 17:01

محمد بن سلمان کو بلاتاخیر سزا دی جانی چاہیئے، مقتول صحافی کی منگیتر کا مطالبہ

محمد بن سلمان کو بلاتاخیر سزا دی جانی چاہیئے، مقتول صحافی کی منگیتر کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ایما پر قتل کیے گئے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو سزا دی جانی چاہیئے کیوںکہ امریکی انٹیلیجنس رپورٹ میں قتل ثابت ہوگیا ہے۔ خیال رہے کہ جمال خاشقجی سعودی صحافی تھے جو امریکی روزنامہ واشنگٹن پوسٹ میں سعودی پالیسی کے حوالے سے تنقیدی مضامین لکھتے تھے۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انہیں سعودی ولی عہد سے تعلق رکھنے والی ایک ٹیم نے ترکی کے شہر استنبول میں قائم سعودی سفارتخانے میں قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کردیئے تھے۔

اس حوالے سے جمعے کے روز ایک امریکی انٹیلی جنس رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی شہزادے نے جمال خاشقجی کے قتل کی منظوری دی اور واشنگٹن نے اس میں ملوث کچھ افراد پر پابندی بھی عائد کر دی تھی تاہم اس میں سعودی ولی عہد شامل نہیں تھے۔ سعودی عرب کی حکومت نے اس قتل میں ولی عہد کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے مذکورہ رپورٹ مسترد کردی تھی۔ اس ضمن میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے مقتول صحافی کی منگیتر نے کہا کہ 'یہ انتہائی ضروری ہے کہ ولی عہد کو بغیر کسی تاخیر کے سزا دی جانی چاہیئے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اگر ولی عہد کو سزا نہ دی گئی تو اس سے ہمیشہ یہ اشارہ ملے گا کہ اصل مجرم قتل سے فرار ہو سکتا ہے جو نہ صرف ہم سب کے لیے خطرہ ہوگا بلکہ انسانیت پر داغ ہوگا'۔
 
امریکی صدر جوبائیڈن کی حکومت نے جمعہ کو کچھ افراد پر ویزے کی پابندی لگائی تھی جنہیں سعودی صحافی کے قتل میں ملوث مانا گیا تھا، اس کے علاوہ دیگر پر لگائی گئی پابندی سے ان کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد اور عمومی طور پر امریکیوں کو ان سے رابطے رکھنے سے روک دیا گیا تھا۔ سعودی ولی عہد محمد سلمان پر پابندی نہ لگانے پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ پیر کے روز ایک اعلان کریں گے لیکن انہوں نے اس کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 919045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش