0
Monday 1 Mar 2021 19:09

گینگسٹر عزیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری

گینگسٹر عزیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری
اسلام ٹائمز۔ لیاری گینگ وار گینگسٹر عزیر بلوچ کو ایک اور مقدمہ میں بری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پراسیکیوشن بغدادی تھانے پر حملے کا کیس بھی ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کی ایماء پر بغدادی تھانے پر حملہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ عذیر بلوچ کی ایماء پر حملہ کیا گیا؟۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اہل محلہ نے بتایا تھا کہ عذیر بلوچ نے حملہ کرایا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے مزید استفسار کیا کہ آپ نے محلے والوں کو گواہ بنایا تھا؟۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ نہیں محلے والوں میں سے کسی کو اس کیس میں گواہ نہیں بنایا تھا۔ عذیر بلوچ کیخلاف بغدادی تھانے پر حملے کا مقدمہ 2012ء میں درج کیا گیا تھا۔ عذیر بلوچ اب تک 11 مقدمات میں بری ہو چکا ہے، جن مقدمات سے عزیر بلوچ کو بری کیا گیا، ان میں انسداد دہشتگردی عدالت کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ عزیر بلوچ پر تقریباً 100 افراد کے قتل، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، ناجائز اسلحہ سمیت مزید 47 مقدمات زیر التواء ہیں۔
خبر کا کوڈ : 919067
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش