QR CodeQR Code

حکومت کی اپوزیشن کو مزید 2 صوبوں میں بلا مقابلہ سینیٹ انتخاب کی پیشکش

1 Mar 2021 22:02

حکومت کیجانب سے سینیٹر تاج آفریدی نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 7 عمومی (جنرل) نشستوں میں سے 2 اپوزیشن کو دینے کی پیش کش کی، جس پر مولانا فضل الرحمان نے تاج آفریدی کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت نے پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کی پیشکش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سینیٹر تاج آفریدی نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اور پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف بھی موجود تھے۔ حکومت کی جانب سے سینیٹر تاج آفریدی نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 7 عمومی (جنرل) نشستوں میں سے 2 اپوزیشن کو دینے کی پیش کش کی، جس پر مولانا فضل الرحمان نے تاج آفریدی کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے تاحال حکومت کی پیشکش کا جواب نہیں دیا اور پی ڈی ایم کی قیادت خیبر پختونخوا میں اپنی حکمت عملی کے تحت انتخاب لڑے گی۔ دوسری جانب بلوچستان میں حکومتی اتحاد کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کو 4 نشستیں دینے کی پیش کش کی گئی ہے، تاہم اپوزیشن 5 نشستوں کے لیے ڈٹ گئی۔ اپوزیشن کی جانب سے ایک خاتون، ایک ٹیکنوکریٹ اور 3 جنرل نشستوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن رہنماء نے کہا کہ اگر حکومت نے ہماری پیشکش نہ مانی تو نقصان حکومت کو ہی ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 919099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919099/حکومت-کی-اپوزیشن-کو-مزید-2-صوبوں-میں-بلا-مقابلہ-سینیٹ-انتخاب-پیشکش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org