QR CodeQR Code

متحدہ نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی پیشکش ٹھکرا دی

1 Mar 2021 23:43

رہنما متحدہ قومی موومنٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اراکین مکمل رابطے میں ہیں، ہمارے ووٹ ہمیں ہی ملیں گے، ہماری تیاری مکمل ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین بھی تیار ہونگے، ہماری صفوں میں اتحاد ہے اور ہم مستحکم پوزیشن میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی پیشکش ٹھکرا دی، خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کو بری لگنے لگے گی، پیپلز پارٹی کو سنجیدہ رویہ اپنانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اراکین مکمل رابطے میں ہیں، ہمارے ووٹ ہمیں ہی ملیں گے، ہماری تیاری مکمل ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین بھی تیار ہوں گے، ہماری صفوں میں اتحاد ہے اور ہم مستحکم پوزیشن میں ہیں۔ خواجہ اظہار نے کہا کہ ہم وفاق اور صوبے میں تحریک انصاف کو سپورٹ کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کم از کم ایم کیو ایم کو سرپرائز نہیں دے سکے گی، پیپلز پارٹی والے آئے تھے ہم سے سرپرائز لینے کے لیے، ہم نے انھیں بتا دیا کہ وزارتیں، سینیٹ کی نشست یا حکومت میں شامل ہونا اہمیت نہیں رکھتا، وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بات کریں گے تو ان سے بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جب بھی پارٹی ہوتی ہے، انہیں ایم کیو ایم یاد آجاتی ہے، سینیٹ کے بعد ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کو بری لگنی شروع ہو جائے گی، پیپلز پارٹی کو سنجیدہ رویہ اپنانا ہوگا۔ قبل ازیں میڈیا گفتگو کے آغاز پر خواجہ اظہار الحسن نے ’’پاورٹی گرل‘‘ والا انداز اپنایا اور کہا کہ ’’یہ ہم ہیں! یہ ہمارے رپورٹر ہیں اور یہاں خوامخواہ کی پارٹی ہو رہی ہے۔‘‘ فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز تنظیمی ہدایت کے مطابق ووٹ دیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن نے سخت ضابطہ اخلاق بنایا تھا، پیپلز پارٹی کی سندھ میں 12 سال سے حکومت ہے، سینیٹ انتخابات تو ایک دو دن میں ختم ہو جائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بنے، چاہتے ہیں کہ شہری سندھ اور دیہی سندھ کے مسائل حل ہوں۔


خبر کا کوڈ: 919105

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919105/متحدہ-نے-سینیٹ-انتخابات-میں-پیپلز-پارٹی-کی-پیشکش-ٹھکرا-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org