QR CodeQR Code

سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی یقینی ہے، مولانا عبدالواسع

2 Mar 2021 01:15

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں سیکریٹ بیلٹ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ جمہوریت کی جیت ہے۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے مگر بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے جو کہ قانون سازی کے بارے میں جانتے تک نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کی صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبے بھر سے صوبائی مجلس شورٰی کے مجلس عاملہ اور پارلیمانی ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم کے فیصلوں اور ملک کی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت ہے، جنہوں نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور جمعیت علماء اسلام نے ہر دور میں آزمائشوں اور مشکلات کا مقابلہ کیا ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود صوبائی جماعت ہر سطح پر داخلی و خارجی مشکلات سے نبرد آزما رہی، آج الحمدللہ ہم نے کافی حد تک جماعت کے داخلی معاملات پر قابو پا لیا ہے اور جماعت کو صوبائی و ضلعی سطح پر مضبوط و منظم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کی مرکزی قیادت کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کر دیا گیا۔

اجلاس میں ضلعی امراء نے 26 مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنی تیاریوں سے مجلس شوریٰ کو آگاہ کیا، اس یقین اور اعتماد کے ساتھ کہ بلوچستان سے لانگ مارچ میں عوام اور جماعتی کارکن بھرپور انداز میں شریک ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں سیکریٹ بیلٹ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ جمہوریت کی جیت ہے۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے مگر بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے جو کہ قانون سازی کے بارے میں جانتے تک نہیں، سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی کی کوشش کی گئی اس کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی جمہوریت کا حصہ ہے لیکن حکومتی غرور نے ملک کا نظام برباد کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پی ڈی ایم کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے غیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کی، جمعیت علماء اسلام سلیکٹڈ حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں کیونکہ جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی، سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت خود اپ سیٹ ہو رہی ہے اب وہ این آر او مانگنے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے مگر اب ان کو این آر او نہیں ملے گی۔

مولانا عبدالواسع نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں حکمرانوں نے دھاندلی کی کوشش کی لیکن پی ڈی ایم اور عوام نے ان تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا کیونکہ سلیکٹیڈ حکمران ملک کو چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں، اب ان کے پاس بھاگنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کو رہنے دیا جائے اور صاف و شفاف انتخابات کر کے ملک میں حقیقی حکمرانی بحال کی جائے کیونکہ جب تک قانون کی حکمرانی بحال نہیں ہو گی اس وقت تک معاملات ٹھیک نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت کی وجہ سے صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا کیونکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے صرف اقتدار کی خاطر عوام سے جھوٹے وعدے کیے تھے اور تین سال گزرنے کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں۔ آج ملک میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں اور حکمران صرف ڈرامہ کرکے اپنا اقتدار بچانا چاہتے ہیں مگر اب ان کا قتدار کوئی نہیں بچا سکتا۔
 


خبر کا کوڈ: 919122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919122/سینیٹ-انتخابات-میں-اپوزیشن-جماعتوں-کی-کامیابی-یقینی-ہے-مولانا-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org