QR CodeQR Code

ہم نے ایم کیو ایم کو ایک آفر کی جو جمہوری طور پر کی جاسکتی تھی، ناصر حسین شاہ

2 Mar 2021 17:07

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے دو اراکین نے پارٹی سے تحفظات کے ویڈیو بیان جاری کئے، وہ اراکین اپنی مرضی سے اسمبلی آئے، ان پر اغواء اور پیسوں کا الزام ہے، اسلم ابڑو اور شہریار اپنے موقف پر قائم ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم ایم کیو ایم کے پاس سیاسی طور پر گئے تھے، ہم نے انہیں ایک آفر کی جو جمہوری طور پر کی جاسکتی تھی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج آپ سب کے سامنے بہت سی خبریں ہیں، ابھی تھوڑی دیر پہلے یہاں ہنگامہ بھی ہوا، کیا حقیقت کیا افسانہ تھا سب نے دیکھا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے دو اراکین نے پارٹی سے تحفظات کے ویڈیو بیان جاری کئے، وہ اراکین اپنی مرضی سے اسمبلی آئے، ان پر اغواء اور پیسوں کا الزام ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسا معاملہ ہوتا تو وہ منظرِ عام پر نہ آتے، اسلم ابڑو اور شہریار اپنے موقف پر قائم ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ گبول صاحب کا معاملہ بھی سب کے سامنے ہے، جو ایوان میں ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تینوں اراکین ایک گاڑی میں آئے، جب کریم بخش گبول کو لے جانے کی کوشش کی تو ہمارے اراکین سمجھے کہ زبردستی کی جارہی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب گبول نے کہا کہ میں خود تحریک انصاف والوں کے ساتھ جانا چاہتا ہوں تو ہمارے اراکین پیچھے ہٹ گئے، ان کے اپنے لوگ ان کی پالیسی سے منحرف ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہی برملا اعلان کیا ہے کہ وہ ووٹ دینے نہیں جائیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شہری قانونی بات کرے گا تو ہم اسے سپورٹ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 919232

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919232/ہم-نے-ایم-کیو-کو-ایک-آفر-کی-جو-جمہوری-طور-پر-جاسکتی-تھی-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org