QR CodeQR Code

جے ڈی سی کے تحت اجتماعی شادیوں کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے، علامہ مقصود ڈومکی

2 Mar 2021 18:40

اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ مہنگائی کے اس بدترین دور میں جہیز کا انتظام ایک مشکل مسئلہ ہے، مڈل کلاس کے لوگ پریشان ہوتے ہیں تو غریب طبقے کے لئے جہیز کا اہتمام اس گھر کے معاشی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے شہر رانی پور میں ایام ولادت حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مبارک موقع پر اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں ضلع بھر سے معززین علماء کرام سیاسی و سماجی شخصیات اور دولہا و دلہن کے خاندان شریک ہوئے۔ اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نکاح نسل انسانی کی بقاء کا سبب ہے اور یہ سنت نبوی ہے، نکاح ہی کے ذریعے سے تمام مقدس اور مبارک رشتے وجود میں آتے ہیں، ماں باپ کا رشتہ ہو یا شوہر اور بیوی کا رشتہ۔ اس لئے دین مقدس اسلام نے نکاح کو عبادت کا درجہ دیا ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ نوجوان نسل کی شادی کے انتظام میں جلدی کی جائے تاکہ انسانی معاشرہ حیا، عفت اور پاک دامنی جیسے اعلیٰ انسانی اقدار کا امین ہو، جس معاشرے میں نکاح جیسے مقدس رشتے کو پامال کیا جائے وہاں بےحیائی، فحاشی، عریانی جیسی آفات جنم لیتی ہیں اور رشتوں کا تقدس ہوتا ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس بدترین دور میں جہیز کا انتظام ایک مشکل مسئلہ ہے، مڈل کلاس کے لوگ پریشان ہوتے ہیں تو غریب طبقے کے لئے جہیز کا اہتمام اس گھر کے معاشی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیتا ہے، جہاں اولاد کی شادی کے لئے خاندان قرض جیسی مشکلات میں پھنس جاتا ہے، ایسے میں اجتماعی شادیوں کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے، جے ڈی سی اور اہل خیر حضرات اس عظیم فلاحی کام پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر بزرگ عالم دین علامہ سید ارشاد حسین نقوی نے خطبہ نکاح پڑھا جبکہ پروگرام کے میزبان محمد علی نے خطبہ استقبالیہ اور غلام حسین ملاح نے اظہار تشکر کیا۔


خبر کا کوڈ: 919253

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919253/جے-ڈی-سی-کے-تحت-اجتماعی-شادیوں-کا-انعقاد-قابل-تحسین-اقدام-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org