0
Tuesday 2 Mar 2021 18:44

اسلام احترام انسانیت کا دین ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

اسلام احترام انسانیت کا دین ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام ملک کے معروف تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے  انسانی خدمت کے شعبہ میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے تاجروں، صنعتکاروں، بزنس کمیونٹی کے افراد اور وابستگان کو ایوارڈز دیئے گئے۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے خصوصی شرکت کی۔ شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے تمام عہدیداران بھی ظہرانے میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وسائل مہیا کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک ایک بہترین عمل ہے۔ دین اسلام انسانیت کیساتھ پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورتمندوں اور مستحقین کی ضروریات پوری کرنا صاحب حیثیت افراد کیلئے واجبات میں سے ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے مزید کہا کہ دین اسلام انسانیت کے احترام کا دین ہے، کسی سفید پوش اور ضرورت مند بھائی کی مدد کرنا بھی انسانیت کا احترام ہی ہے، اگرچہ بنیادی مسائل حل کرنا ریاستوں کی ذمہ داری ہے تا ہم اسلامی نظام حیات میں صاحبِ حیثیت افراد خدمت اور مدد کی ذمہ داری سے کبھی پہلو تہی نہیں کرتے۔ اللہ کریم اس بات کو پسند کرتا ہے کہ معاشرے کے ضرورتمند اور مستحق افراد کی مدد ان کے وہ بھائی کریں جن کو اللہ نے اپنے فضل سے نوازا ہے تاکہ انسانوں کے درمیان باہمی الفت و محبت کے رشتے بھی استوار ہوں اور دینے والوں کو اللہ کی رضا اور گناہوں کی بخشش بھی حاصل ہو۔ ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ محمد شاہد لطیف نے تاجروں، صنعتکاروں، تنظیمات کے ذمہ دارن اور شرکائے تقریب کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے منہاج القرآن تعلیمی، فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں  بریفننگ دی۔

محمد شاہد لطیف نے لاہور، کراچی، سیالکوٹ میں قائم آغوش آرفن کیئر ہومز سمیت تحریک منہاج القرآن کے دکھی انسانیت کی فلاح کیلئے جاری منصوبہ جات کی تفصیلات سے کاروباری شخصیات کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن  ہر سال سینکڑوں خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو کروڑوں کے تعلیمی وظائف دینے کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی اور مستحقین کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے پروگرام چلا رہی ہے، غریب اور مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب اور غریب اور یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کی فراہمی منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات میں شامل ہیں۔ شاہد لطیف نے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ حاجی محمد امین القادری نے کہا کہ اسلام میں چیرٹی کو بڑا بلند مقام حاصل ہے، کمزوروں کی مدد کرنا صاحب حیثیت افراد پر واجب ہے،الحمد اللہ تحریک منہاج القرآن تجدید دین،اصلاح احوال کیساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔

تقریب کے اختتام پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و درازی عمر کیلئے دعا بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 919254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش