0
Monday 15 Aug 2011 03:16

ایبٹ آباد آپریشن، پاکستان نے امریکی ہیلی کاپٹر تک چین کو رسائی دی، برطانوی اخبار

ایبٹ آباد آپریشن، پاکستان نے امریکی ہیلی کاپٹر تک چین کو رسائی دی، برطانوی اخبار
لندن:اسلام ٹائمز۔ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے ایبٹ آباد آپریشن میں تباہ ہونے والے امریکی ہیلی کاپٹر تک چین کو رسائی دے دی تھی جبکہ چینی ماہرین نے اسٹیلتھ ہیلی کاپٹر کی تصاویر بنائی اور اس کے نمونے بھی لئے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق چینی ماہرین نے ایبٹ آباد میں اسٹیلتھ طیارے کے ملبے کا معائنہ کیا۔ اس کی تصاویر بنانے کے ساتھ ساتھ دم کے کچھ حصے بھی چینی ماہرین اپنے ساتھ لے گئے۔ امریکی ہیلی کاپٹر کی خصوصی تہہ اس کو ریڈار کی نظروں سے بچاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ریڈارز امریکی طیاروں کی نشاندہی نہیں کر سکے۔ برطانوی اخبار نے امریکی انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے پاس چین کو اسٹیلتھ ہیلی کاپٹر تک رسائی دینے کی اطلاعات ہیں۔ اخبار کے مطابق صدر براک اوباما کی سکیورٹی ٹیم اس واقعے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
 اخبار کے مطابق امریکا کے اعلٰی عہدیدار آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سے چین کو اسٹیلتھ ہیلی کاپٹر تک رسائی دینے پر کئی مرتبہ الجھ چکے ہیں، لیکن کیانی اس سے انکار کر رہے ہیں۔ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لئے امریکی آپریشن میں اسٹیلتھ ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا تھا۔ امریکی فوجیوں نے ہیلی کاپٹر کو مکمل طور پر جلا دیا لیکن دیوار کے دوسری طرف گرنے والے ہیلی کاپٹر کی دم ان کی نظروں سے اوجھل رہی۔ امریکی سینیٹر جان کیری نے آپریشن کے دو ہفتے بعد پاکستان کا دورہ کیا اور ملبے کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد اسٹیلتھ ہیلی کاپٹر کی دم واپس کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 91926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش