QR CodeQR Code

مودی و عمران خان کے پاس کشمیر مسئلہ پر بات چیت کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، محبوبہ مفتی

2 Mar 2021 21:44

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی نے پارٹی ورکرز کنونشن کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کے حالات اور یہاں لوگوں کے احساسات کے پیش نظر بات چیت ضروری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر و مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور عمران خان کے پاس مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کشمیری والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں سے کہیں کہ وہ بندوقیں نہ اٹھائیں کیونکہ ان کے بقول بندوقوں سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا ہے اور یہ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ محبوبہ مفتی نے ضلع اننت ناگ میں پارٹی ورکرز کنونشن کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کے حالات اور یہاں لوگوں کے احساسات کے پیش نظر بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ ہندوستان کے وزیراعظم ہوں یا پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، ان کے پاس جموں و کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بات چیت کریں، جس طرح واجپئی جی نے پرویز مشرف کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا تھا، اسی طرح عمران خان کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خوشگوار ماحول پیدا ہوجائے تاکہ پچھلے ستر سال سے لٹکے جموں و کشمیر کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بڑا پیچیدہ مسئلہ ہے جس کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ اس خطے میں امن و امان پیدا ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن کا جو بھی راستہ گزرتا ہے وہ جموں و کشمیر سے ہو کر ہی گزرتا ہے اس لئے یہاں بات چیت ہونی چاہیئے اور اس بات چیت میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو شامل کیا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 919262

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919262/مودی-عمران-خان-کے-پاس-کشمیر-مسئلہ-پر-بات-چیت-علاوہ-کوئی-دوسرا-راستہ-نہیں-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org