QR CodeQR Code

آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز کو مستقل کیا جائے، جماعت اسلامی سندھ

2 Mar 2021 22:23

اساتذہ کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے صوبائی رہنما عبدالحفیظ بجارانی نے کہا کہ چار سال گذرنے کے باوجود ان اساتذہ کو مستقل کرکے سندھ میں تعلیم کی صورتحال کو بہتر بنانے کی بجائے دوبارہ ٹیسٹ کروانے کا اعلان سراسر ظلم اور نامناسب عمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز کو چار سال گذر جانے کے باوجود دوبارہ ٹیسٹ کرانے کے حکومتی اقدام کو سراسر ظلم و تعلیم دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہیڈ ماسٹرز کو مستقل کیا جائے۔ کراچی پریس کلب پر اساتذہ کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے رہنما عبدالحفیظ بجارانی نے کہا کہ آئی بی اے ایک اچھی شہرت و ساکھ رکھنے والا ادارہ ہے، جس کے ذریعے اس وقت بھی حکومت محکمہ تعلیم میں اساتذہ بھرتی کرا رہی ہے، جبکہ 18 گریڈ کے ججز کی بھرتی بھی اسی ادارے کے ذریعے کی جا رہی ہے، وزیر تعلیم بھی انہی اساتذہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، مگر چار سال گذرنے کے باوجود ان اساتذہ کو مستقل کرکے سندھ میں تعلیم کی صورتحال کو بہتر بنانے کی بجائے دوبارہ ٹیسٹ کروانے کا اعلان سراسر ظلم اور نامناسب عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم کی صورتحال پہلے ہی خراب ہے، مگر حکومتی عدم دلچسپی اور نامناسب پالیسیوں کی وجہ سے سندھ میں تعلیم کی صورتحال دن بدن مزید خراب ہوتی جا رہی ہے، اس لئے حکومت اساتذہ کو احتجاج پر مجبور کرنے کی بجائے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم اور آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹر کو مستقل کرکے ان کے اندر پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرے۔


خبر کا کوڈ: 919286

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919286/آئی-بی-اے-ٹیسٹ-پاس-ہیڈ-ماسٹرز-کو-مستقل-کیا-جائے-جماعت-اسلامی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org