QR CodeQR Code

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی یار محمد رند کو منانے میں کامیاب

2 Mar 2021 23:05

سردار یار محمد رند نے سینیٹ ٹکٹس پر بلوچستان کے وزیراعلٰی جام کمال سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، انکا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو سینیٹ کیلئے ٹکٹ دیا گیا، جنکو انہوں نے پارٹی میں کبھی نہیں دیکھا۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی کاوشیں رنگ لے آئیں، انہوں نے ناراض پارلیمانی لیڈر یار محمد رند کو منا لیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں وہ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار یار محمد رند سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اپنے بیٹے کی دست برداری کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ سردار یار محمد رند نے سینیٹ ٹکٹس پر بلوچستان کے وزیراعلٰی جام کمال سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو سینیٹ کے لیے ٹکٹ دیا گیا، جن کو انہوں نے پارٹی میں کبھی نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں پارٹی کی جانب سے جو پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی، اس میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ ادھر بی اے پی کی سینیٹ امیدوار ستارہ ایاز بھی نشست سے دست بردار ہوگئی ہیں، ستارہ ایاز نے آج میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اپنی مرضی سے دست بردار ہوئی ہوں، بی اے پی پارٹی کا حصہ ہوں اور رہوں گی، دست بردار ہو کر اپنی جماعت کے افراد کو موقع دینا چاہتی ہوں۔ ستارہ ایاز بلوچستان عوامی پارٹی کی سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوار تھیں، انہیں بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق نہ ہونے پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔


خبر کا کوڈ: 919290

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919290/چیئرمین-سینیٹ-صادق-سنجرانی-یار-محمد-رند-کو-منانے-میں-کامیاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org