QR CodeQR Code

سینیٹ انتخاب میں عددی برتری کے مطابق کامیابی حاصل کرینگے، وزیراعلٰی بلوچستان

3 Mar 2021 01:11

ایک سوال کے جواب میں میر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سرپرائز دینے کا اشارہ اگر کر رہی ہے تو یہ ہارس ٹریڈنگ کرے گی۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد دو ٹیکنو کریٹس، دو خواتین، ایک اقلیت جبکہ پانچ جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ آزاد امیدوار سردار خان رند کی سینیٹ انتخابات میں حکومتی اتحاد کے حق میں الیکشن میں دستبرداری بلوچستان اور مخلوط حکومت کے لئے مثبت اقدام ہے۔ اس سے حکومت مضبوط ہو گی اور آج سینیٹ انتخاب میں اتحادی جماعتیں اپنی عددی برتری کے مطابق کامیابی حاصل کریں گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے بلوچستان کی روایات کو قائم رکھ کر اپنے بیٹے کو دستبردار کروایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے آزاد امیدوار سردار خان رند کی حکومتی اتحاد کے حق میں دستبرداری کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد خان رند، آزاد امیدوار سردار خان رند، صوبائی وزراء انجینئر زمرک خان اچکزئی، محمد عارف جان، محمد حسنی، ضیاء اللہ لانگو، ملک نعیم خان بازئی، حاجی محمد خان لہڑی، میر عمر خان جمالی، میر نعمت اللہ زہری، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ امیدوار نوابزادہ عمر فاروق، لالا رشید بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آزاد امیدوار سردار خان رند نے حکومتی اتحاد کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آزاد حیثیت سے سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کے لئے کاغذات جمع کروائے تھے اور میری وجہ سے اپوزیشن کو فائدہ ہوتا اس لئے میں نے حکومتی اتحاد کو نقصان سے بچانے کے لئے سینٹ انتخاب سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان کر رہا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ آج سردار خان رند کی جانب سے کیا جانے والا فیصلہ سیاسی حوالے سے بڑا اقدام ہے، آج کے فیصلے سے بلوچستان کی مخلوط حکومت مضبوط ہوئی ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے حکومتی اتحاد کیلئے بہترین فیصلہ کیا۔ آج سینیٹ انتخاب میں اتحادی جماعتیں اپنی عددی برتری کے مطابق کامیابی حاصل کریں گی، پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر نے بلوچستان کی روایات کو قائم رکھا ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا کہ اپنے بیٹے کو دستبردار کرانا مشکل کام تھا، اگر سردار خان کھڑا رہتا تو حکومتی اتحاد اپنی نشستیں کھو دیتا، سردار خان رند نے آزاد امیدوار ہو کر ہمارے مفادات کا خیال رکھا۔

وزیراعلٰی بلوچستان سے امید ہے کہ تحریک انصاف کو اپنا بازو سمجھیں گے، تحریک انصاف کی جانب سے کوئی امیدوار نہ لانے پر افسوس ہے لیکن قیادت کا فیصلہ قبول ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میر جام کمال نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ رابطے روز اول سے تھے، سردار یار محمد رند کے ساتھ گفت و شنید روز اول سے تھی، اتفاق رائے پیدا کرنے میں وقت ضرور لگا لیکن ہر ایک کو مطمئن کیا، حکومت کی جانب سے اپنی اتحادی جماعتوں جس میں عوامی نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت سب جماعتیں ساتھ ہیں، جس طرح بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ میر اسرار زہری بھی دستبردار ہوئے اسی طرح ستارہ امتیاز بھی خواتین کی نشست پر دستبردار ہوئی ہیں۔ تحریک انصاف بھی ساتھ ہے دو خواتین دو ٹینکوکریٹس اور اقلیت کی نشستیں حاصل کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ مرکزی جماعت کی جانب سے کوئی نامزدگی سامنے نہیں آئی اگر اتحاد کامیاب ہوئے تو یہ بھی ہماری کامیابی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں میر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سرپرائز دینے کا اشارہ اگر کر رہی ہے تو یہ ہارس ٹریڈنگ کرے گی۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد دو ٹیکنو کریٹس، دو خواتین، ایک اقلیت جبکہ پانچ جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 919312

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919312/سینیٹ-انتخاب-میں-عددی-برتری-کے-مطابق-کامیابی-حاصل-کرینگے-وزیراعل-ی-بلوچستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org