0
Wednesday 3 Mar 2021 18:11

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے انتظامات مکمل ہوگئے

برسی میں ملک بھر سے ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، حسن عارف
شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے انتظامات مکمل ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر حسن عارف نے بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے حوالے سے جاری تیاریوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ برسی کی تقریب کیلئے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ برسی میں ملک بھر سے ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ برسی کی تقریبات 2 روز تک جاری رہیں گی، 6 مارچ کی شب کو شب شہداء عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ تقریب میں شہید نقوی کا خانوادہ شریک ہوگا، عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں مہدی رسولی، عاطر حیدر، علی صفدر رضوی اور نعت خواں مقدس کاظمی شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ علامہ شبیر بخاری خصوصی خطاب کریں گے۔

حسن عارف نے بتایا کہ دوسرے دن 7 مارچ کی صبح امامیہ اسکائوٹس شہید کے مرقد پر حاضری دیں گے اور اسکائوٹ سلامی پیش کرکے شہید کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی خصوصی خطاب کریں گے۔ افکارِ شہداء سیمینار میں علامہ حسنین گردیزی، فرزند شہید سید دانش نقوی، شاعر اہلبیت زوار بسمل، شہدائے اسلام و وطن کو خصوصی خراج عقیدت پیش کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر، ایڈووکیٹ امجد کاظمی اور ڈاکٹر سید امیر عباس نقوی مجلس ترحیم سے خصوصی خطاب کریں گے۔

مرکزی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنے پاکیزہ خون کی بدولت محب وطن نوجوانوں میں بیداری و تحرک موجود ہے۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ایک فرد نہیں، ایک تنظیم و تحریک کا نام ہے، جن کی ہمہ جہت شخصیت آج بھی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی متحرک زندگی ہمیں یہ حوصلہ دیتی ہے کہ تمام تر مشکلات، وسائل کی کمی کے باوجود نام نہاد سپر پاورز کے سامنے کیسے قیام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی شجاعانہ شہادت یہ درس دیتی ہے کہ جب ملت کو خون کی ضرورت ہو، عزت کا شعار بلند کرتے ہوئے ملت کیلئے جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیئے اور بلاشبہ زندہ قومیں وہ ہوا کرتی ہیں، جو اپنے شہداء کی یاد اور جذبہ شہادت کو معاشرہ میں فروغ دیتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 919458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش