QR CodeQR Code

عمران خان کا قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

3 Mar 2021 23:29

اسلام آباد میں دیگر وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ عمران خان اور انکی جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان اس ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، تاکہ کھل کر سامنے آجائے کہ کون عمران خان کے نظریہ کیساتھ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاسی کلچر کو تبدیل کرنے کی حتی المقدور کوشش کی۔ قوم اس لڑائی میں دیکھ رہی ہے کہ کون کہاں کھڑا ہے۔ یہ حق اور باطل کی لڑائی ہے، جو ہم لڑتے رہیں گے۔ آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کیلئے افسوس ناک دن ہے۔ جمہوریت کے علم برداروں نے آج جمہوریت کو روندا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ عمران خان اور ان کی جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان اس ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، تاکہ کھل کر سامنے آجائے کہ کون عمران خان کے نظریہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سینیٹ کے انتخابات میں جو نتیجہ ہم نے دیکھا، اس نے ہمارے بیانیے کو تقویت دی۔ ہمارا بیانیہ تھا کہ سینیٹ کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر منڈی لگے گی اور ضمیروں کے سودے ہوں گے۔ اسلام آباد کی نشست پر ہمارے دو امیدوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہماری خاتون امیدوار تھیں، جن میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں تھی، چنانچہ وہ جیت گئیں جبکہ اسلام آباد کی دوسری نشست پر ان کی دلچسپی شروع سے تھی، چنانچہ انہوں نے جمہوریت کے نام پر خرید و فروخت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے الیکشن میں جب اس طرح کی شکایات سامنے آئیں تو ہماری پارٹی قیادت نے لگ بھگ بیس اراکین کے خلاف تادیبی کارروائی کی۔ ہم نے جب اوپن بیلٹنگ کے لیے قانون سازی کی بات کی تو انہوں نے اس کی بھرپور مخالفت کی۔ ہم  نے قانونی رائے لینے کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ شفاف الیکشن کروانا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے حوالے سے ناکام دکھائی دیا۔

انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کا چہرہ اور ان کی حرکات قوم کے سامنے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جس طرح کی سیاست کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قوم کے سامنے ہے۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے ٹیکنالوجی کے استعمال کا مطالبہ کیا تو انہوں نے معذوری ظاہر کی۔ شاہ محمود نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی سیاسی نظریہ نہیں ہے، یہ مفاد کی سیاست کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے آئینی رائے دی، لیکن ساتھ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کا اہم اجلاس جمعرات کو  طلب کر لیا ہے۔ اجلاس جمعرات کو دوپہر دو بجے وزیراعظم ہاوس میں ہوگا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 919500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919500/عمران-خان-کا-قومی-اسمبلی-سے-اعتماد-ووٹ-لینے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org