QR CodeQR Code

یمن انسانی تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار ہے، ہشام شرف عبداللہ

3 Mar 2021 23:46

عرب ای مجلے سبانت کیساتھ گفتگو میں یمنی وزیر خارجہ نے جارح ممالک کے ہمراہ سائبر اسپیس پر منعقد ہونیوالی یمن کی عطیہ مہم کجانب اشارہ کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا ہے یمن کی آجکی صورتحال کی اصلی وجہ جارح سعودی فوجی اتحاد کیطرف سے یمن کا سخت ترین سرحدی محاصرہ اور یمن پر ہونیوالے زمینی و ہوائی حملے ہیں جنمیں ممنوعہ ہتھیار بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی وزیر خارجہ ہشام شرف عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ یمن اس وقت انسانی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے جبکہ اس حوالے سے دی جانے والی انسانی امداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہشام شرف عبداللہ نے عرب ای مجلے سبانت کے ساتھ گفتگو میں سوشل میڈیا پر منعقد ہونے والے عطیہ دہندگان کے اجلاس کی جانب اشارہ کیا اور یمنی عوام کے لئے اس نشست کی افادیت کے حوالے سے کہا ہے کہ یمنی عوام و حکومت کے لئے اس نشست کا نتیجہ تعجب آور نہیں خاص طور پر اس حوالے سے کہ یمن کے خلاف جارحیت کا مرتکب ہونے والے ممالک بھی اس نشست میں موجود تھے؛ وہی ممالک جو خود یمن کی بربادی کی اصلی وجہ ہیں اور کبھی نہیں چاہتے کہ یہ ملک طاقت حاصل کر کے اپنے پیروں پر کھڑا ہو جائے۔

یمنی وزیر خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے یمن کی موجودہ صورتحال کو "عالم انسانیت کی تاریخ کا بدترین بحران" قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری صرف تماشا دیکھنے میں مصروف ہے درحالیکہ یمن پر ہونے والے حملوں اور جارحیت کو 6 سال ہونے کو آئے ہیں۔ ہشام شرف عبداللہ نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں دنیا کے تمام ممالک صرف اور صرف انسانی بحران کے وجود میں آنے کی بات کر رہے ہیں درحالیکہ اس کی اصلی وجوہات کے خاتمے اور یمنی صورتحال کی بہتری میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی آج کی صورتحال کی اصلی وجہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کا سخت ترین سرحدی محاصرہ اور یمن پر ہونے والے زمینی و ہوائی حملے ہیں جن میں ممنوعہ ہتھیار بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔

ہشام شرف عبداللہ نے جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کے سخت ترین سرحدی محاصرے کو یمنی قوم کے لئے "ایک اجتماعی سزا" قرار دیا اور کہا کہ ہوائی، سمندری اور زمین محاصرے کے ساتھ ساتھ یمن کے تیل بردار بحری بیڑوں کا ضبط کر لیا جانا، صنعاء کی بین الاقوامی ایئرپورٹ کا بند کر دیا جانا اور قومی کرنسی کی قیمت میں شدید کمی، یمن کی موجودہ ابتر صورتحال کی اصلی وجوہات ہیں۔ یمنی وزیر خارجہ نے اپنی گفتگو میں جارح سعودی و اماراتی شاہی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ذرہ برابر شجاعت کا ثبوت دیں اور یمن کی آج کی صورتحال کی ذمہ داری اپنی گردن پر لیتے ہوئے مزید ہوائی حملوں کو بند کر دیں اور یمن سے اپنا فوجی قبضہ بھی اٹھا لیں۔


خبر کا کوڈ: 919501

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919501/یمن-انسانی-تاریخ-کے-بدترین-بحران-سے-دوچار-ہے-ہشام-شرف-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org