0
Thursday 4 Mar 2021 18:23

اسلام اور پاکستان کے دشمن ملکی امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، مصطفائی تحریک

اسلام اور پاکستان کے دشمن ملکی امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، مصطفائی تحریک
اسلام ٹائمز۔ مصطفائی تحریک پاکستان کے زیراہتمام جامعہ نعیمہ میں منعقدہ ''عزم نوء تربیتی کنونشن'' سے مصطفائی تحریک کے مرکزی امیر غلام مرتضیٰ سعیدی، انٹرنیشنل پیس مشن امریکہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نوری، انجمن طلبا اسلام کے مرکزی صدر محمد اعظم رانجھا، پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی صدر امانت علی زیب، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی صدر شیخ محمد طاہر انجم اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ملکی امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن دنیا جان لیں کہ محب وطن پاکستانی عوام اپنے پاک وطن کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، اسلامی اقدار کے مطابق وطن عزیز میں مصطفائی معاشرے کی تشکیل اور عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے ہمارے سینکڑوں فلاحی ادارے مصروف عمل ہیں جو تعمیر وطن کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وطن عزیز میں مصطفائی معاشرے کی تشکیل، نظریہ پاکستان کے تحفظ اور ملکی استحکام کیلئے مصطفائی تحریک، انجمن طلباء اسلام، پاکستان فلاح پارٹیِ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اور جماعت اہلسنت نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مملکت خدادا کی تعمیر وترقی کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو بھی مصطفائی تحریک پاکستان کا ساتھ دینا ہو گا کیونکہ پاکستان لاکھوں مسلمانانِ برصغیر کی قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارے اسلاف نے حصول پاکستان کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا، آج ایک بار پھر ملک و قوم کو علامہ اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔ عزم نو کنونشن کے مقررین کا کہنا تھا احترام باہمی، اخوت و بھائی چارے کے فروغ اور کم وسیلہ طبقات کی مدد کرکے ہی مصطفائی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، اسلام نے جس قدر بہترین معاشرت قائم کرنے پر زور دیا اس کی اقوام عالم میں مثال نہیں ملتی، عوامی خدمات انجام دینے کیلئے مصطفائی لائرز فورم، ڈاکٹرز فورم، انجینئرز فورم، بزنس فورم اور دیگر تمام شعبہ جات میں ادارے قائم کرکے انہیں فعال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں مصطفائی تحریک نے شجرکاری کے ذریعے گزشتہ دو برسوں میں ہزاروں پودے لگا کر ملکی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہم آنیوالے برسوں میں مزید لاکھوں پودے لگائیں گے، المصطفیٰ کے درجنوں فری میڈیکل سینٹرز معاشرے میں عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں جبکہ سو سے زائد مصطفائی ماڈل سکولز میں ایک ہزار سے زائد نادار اور یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت کی ذمہ داری المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان نے اٹھا رکھی ہے تاکہ کم وسیلہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔ علامہ اقبال اور قائداعظم اسلامی فلاحی ریاست کے علمبردار تھے۔ کنونشن کے شرکاء نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشرے سے عریانی فحاشی کے خاتمے، تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے اور پاکستان مخالف بیانات کی روک تھام کیلئے قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں۔ عزم نو کنونشن سے انجمن طلبا اسلام کے بانی رکن اور مصطفائی تحریک کے سابق مرکزی امیر میاں فاروق مصطفائی، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، محمد اکرم رضوی، پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر صاحبزادہ احمد ندیم، حافظ محمد قاسم مصطفائی، اعجاز احمد فقہی، ارشد تبسم ایڈووکیٹ، محمد اعظم سعید، مظہر سلیم حجازی، ذوالفقار حیدر سیالوی، محمد اویس مصطفائی، اصغر علی ورک سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 919642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش