0
Thursday 4 Mar 2021 18:47

سینیٹ انتخابات میں سب سیاستدان بے نقاب ہو گئے ہیں، مجاہد عبدالرسول

سینیٹ انتخابات میں سب سیاستدان بے نقاب ہو گئے ہیں، مجاہد عبدالرسول
اسلام ٹائمز۔ صدر سنی تحریک پنجاب مذہبی سکالر علامہ مجاہد عبدالرسول نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں سب سیاستدان بے نقاب ہو گئے ہیں۔ سیاسی جماعتیں سینیٹ انتخابات میں ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کہہ کر صرف قوم کو دھوکہ دے رہی ہیں، سینیٹ انتخابات کے نام پر بے دریغ قومی خزانہ کو خرچ کرنا قومی امانت میں خیانت کرنے کے مترادف ہے۔ لاہور میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کو نواز کر اپنی اصلیت ظاہر کر دی سیاستدان آپس کی لڑائیوں میں مصروف عمل ہیں، قومی مفاد کیلئے حکومت سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت اپنا کردار ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھوک، پیاس علاج معالجہ کی سہولتیں میسر نہ ہو نے کی وجہ سے موت کے گھاٹ اُتر رہے ہیں، جبکہ ملک پاکستان کے سیاستدان سینیٹ کے نام پر قوم کیساتھ نیا کھلواڑ کرنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات کے اداروں کو چاہیے کہ اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں، سیاستدان اگر اسی طرح اپنی لڑائیوں میں مصروف رہے تو غریب عوام مزید بھوک افلاس کی چکی میں پس جائیں گے، لہٰذا ادارے اپنا کردار ادا کریں اور سیاستدانوں کا قبلہ درست کریں اور بھوک پیاس اور علاج معالجہ کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے روز بروز قوم کے بچے بوڑھے جوان مرد و زن جو موت کے گھاٹ اُتر رہے ہیں، ان کی بہتری کیلئے اقدامات کرنا حکومت سمیت ملکی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممبر و محراب سے ہمیشہ ملکی مفاد کیلئے آواز اُٹھاتے رہیں گے، حکمرانوں کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بنیادی حقوق دیں اور عوام کی داد رسی کریں اور عوام کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 919649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش