QR CodeQR Code

کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ایسے شخص کو بنایا گیا جسے ووٹ پول کرنیکا طریقہ نہیں آتا، مشتاق خان

5 Mar 2021 01:09

درگئی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مودی کے یار عظیم کشمیری رہنماؤں کی قربانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کی چابی اسلام آباد میں ہے، اسلام آباد میں نڈر قیادت آئی تو کشمیر آزاد ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ایسے شخص کو بنایا گیا ہے جسے ووٹ پول کرنے کا طریقہ نہیں آتا، پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے مذاکرات و اعلامیہ پر سید علی گیلانی کے اٹھائے گئے اس سوال پہ کہ "خفیہ مذاکرات اور معاہدوں کی پاسداری کا مطلب کیا ہے؟" حکومت نے تسلی بخش جواب دینے کی بجائے عظیم حریت پسند رہنما اور عظیم پاکستانی سید علی گیلانی کو ہندوتوا ریجیم کے ساتھ جوڑ کر شرمناک حرکت کی ہے۔ مودی کے یار عظیم کشمیری رہنماؤں کی قربانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کی چابی اسلام آباد میں ہے، اسلام آباد میں نڈر قیادت آئی تو کشمیر آزاد ہوگا، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے ساتھ دھوکا اور فراڈ کیا ہے۔ این ٹی ایس ٹیسٹ بیچ کر نوجوانوں کے ساتھ ظلم اور غداری کی گئی ہے۔ نوجوانوں کو ساتھ ملا کر حکومت سے اس ظلم کا انتقام لیں گے۔ سینیٹ انتخابات میں کارکنوں کو نظر انداز کر کے سیگریٹ مافیا، شوگر مافیا اور آئی پی پیز مافیا کو ٹکٹ دیئے گئے۔ جماعت اسلامی کسی فرد کی جاگیر نہیں امت کی میراث ہے۔ عقیدہ ختم نبوت، ناموسِ رسالت، مساجد و مدارس اور مسجد اقصیٰ پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ کی تحصیل درگئی کے نواحی علاقے کوپر میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر مولانا جمال الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں نورمن اللہ المعروف جاپان حاجی نے خاندان کے افراد اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسہ سے خطاب میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ممبران نے برائے فروخت کے بورڈ لگائے ہوئے تھے اور پیاز اور ٹماٹر کی طرح ان کی بولیاں لگائی گئیں۔ یہ لوگ امت کی قیادت اور پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن نہیں کرسکتے۔ ان سے خیر کی توقع رکھنا ہندو کے گھر میں جانماز ڈھونڈنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ حکومتی سرپرستی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کے باوجود فرانس کے سفیر کو ملک بدر نہیں کیا گیا۔ فرانسیسی سفیر کی موجودگی بے غیرتی کی انتہا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت تبدیل ہوگی تو ملک میں انصاف کا بول بالا ہوگا۔ نااہل قیادت کی موجودگی میں پاکستان اپنی منزل مقصود تک نہیں پہنچ سکتا۔ پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس صالح، دیانتدار اور امانتدار قیادت موجود ہے۔


خبر کا کوڈ: 919715

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919715/کشمیر-کمیٹی-کا-چیئرمین-ایسے-شخص-کو-بنایا-گیا-جسے-ووٹ-پول-کرنیکا-طریقہ-نہیں-آتا-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org