QR CodeQR Code

کورونا ویکسین پہلے صدر، وزیراعظم اور اراکین پارلیمنٹ کو لگائی جائے، رانا تنویر حسین

5 Mar 2021 06:47

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی 10 کروڑ آبادی کورونا ویکسین کی اہل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر نے تجویز پیش کی ہے کہ کورونا ویکسین پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے پہلے صدر، وزیراعظم اور اراکین پارلیمنٹ کو لگائی جائے۔ انہوں نے یہ تجویز اپنی زیر صدارت منعقدہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں دی، جس میں کورونا ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی 10 کروڑ  آبادی کورونا ویکسین کی اہل ہے۔ انہوں ںے کہا کہ کورونا ویکسین 18سال سے کم عمر کے لوگوں کو نہیں لگ سکتی ہے۔

انہوں ںے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال پاکستان کی آبادی میں اینٹی باڈیز کا سروے کروایا گیا تھا تو اس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ملک کی تقریباً 15 فیصد آبادی میں اینٹی باڈیز بن چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو دوران بریفنگ بتایا کہ رواں سال 7 کروڑ آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک پونے 3 لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسینیشن کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاوی نے پاکستان کی 20 فیصد آبادی کے لیے ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو یہ بھی بتایا کہ گاوی کی جانب سے 16 ملین ڈوز جون تک پاکستان کو مل جائیں گی۔

سیکریٹری ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ گاوی بھارت میں بننے والی کورونا ویکیسن دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ویکسین خریدنے کی ضرورت بہت کم پڑے گی۔ انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ رواں ماہ ہرصورت عوام کو ویکسین لگانا شروع کردی جائے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کتنا عرصہ مؤثر رہتی ہے؟ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر نے تجویز دی کہ ویکسین پر اعتماد کے لیے وزیراعظم پہلےخود میڈیا کے سامنے لگوائیں۔ انہوں ںے کہا کہ عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے پارلیمنٹیرینز کو بھی پہلے ویکسین لگائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 919736

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919736/کورونا-ویکسین-پہلے-صدر-وزیراعظم-اور-اراکین-پارلیمنٹ-کو-لگائی-جائے-رانا-تنویر-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org