0
Monday 15 Aug 2011 14:19

بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، بھارت مخالف مظاہرے، ریلیاں

بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، بھارت مخالف مظاہرے، ریلیاں
مقبوضہ کشمیر:اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت پوری دنیا میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، اس موقع پر آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ مظفر آباد میں کشمیر لبریشن سیل، سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں اور مہاجرین جموں کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں نکالی گئی۔ ریلیوں کے شرکاء نے پریس کلب سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر تک مارچ کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بھارت کے یوم آزادی پر احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف دلانا ہے جہاں دنیا کی بڑی جمہوریہ کے دعویدار بھارت نے گزشتہ 64 برسوں سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کو طاقت کے زور پر دبا رکھا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق بھارتی یوم آزادی کے موقعے پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، کشمیریوں نے احتجاجاً کاروبار بند اور مکمل ہڑتال کر کے بھارتی قبضے کے خلاف بھرپور نفرت کا اظہار کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ منانے اور مکمل ہڑتال کی اپیل حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کی تھی۔ کشمیریوں نے اپنی دکانیں، کاروبار بند رکھ کر بھارتی مظالم کے خلاف جلسے کئے اور جلوس نکالے۔ اس موقع پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیر کی حمایت اور اس تنازعے کو عالمی فورم میں اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی فورسز کی بربریت اور ہزاروں کشمیریوں کی ہلاکت کے خلاف ہر سال کی طرح اس بار بھی مقبوضہ کشمیر میں خاموشی طاری ہے۔ حریت رہنماوٴں کی اپیل پر وادی میں ہڑتال ہے۔ ٹریفک معمول سے کم ہے، اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ بھارتی پولیس اور فوج کی اضافی نفری سری نگر کے حساس علاقوں سمیت دیگر شہروں میں تعینات ہے۔
خبر کا کوڈ : 91983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش