QR CodeQR Code

شہداء کی یاد منانا قوموں کو قربانی کا حوصلہ بخشتی ہے، زہرا نقوی

میرے شہید بابا ایک عظیم مجاہد اور فکر کربلا کے ترجمان تھے، دختر شہید ڈاکٹر نقوی

5 Mar 2021 22:40

ایم ڈبلیو ایم کی رکن پنجاب اسمبلی اور دختر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شہید نقوی نے سید الشہداؑ کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے دین، وطن اور نظریات کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر زندگی جہد مسلسل میں گزاری اور ان کی بے لوث خدمات کا نتیجہ آج ملت تشیع کے بیدار و بابصیرت نوجوانان کی صورت ہمارے سامنے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی، سفیرِ انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر، سیدہ زہرا نقوی نے اپنے شہید والد کی 26ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی قوم و ملت کا درد رکھنے والے، ایک عظیم مسیحا اور انتھک محنت کرنیوالی بے مثال شخصیت کے حامل تھے، جنھوں نے ملت کے جوانوں کو عزت اور سربلندی کیساتھ جینا سکھایا دشمن چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کے سامنے ڈٹ کر آواز حق بلند کرنا سکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید نقوی نے سید الشہداؑ کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے دین، وطن اور نظریات کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر زندگی جہد مسلسل میں گزاری اور ان کی بے لوث خدمات کا نتیجہ آج ملت تشیع کے بیدار و بابصیرت نوجوانان کی صورت ہمارے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسا اوقات قومیں اپنے عظیم مسیحوں کے نام تو یاد رکھتی ہیں لیکن ان کے افکار اور راہ عمل سے یکسر غافل ہو جاتی ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے شہداء کی یاد منانا اور ان کے کردار اور عظیم جدوجہد کا تذکرہ کرنا قوم میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا کرتی ہے اور ان میں اپنے مکتب اور نظریات کے تحفظ کیلئے قربانی دینے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا میرے شہید بابا ایک عظیم مجاہد اور فکر کربلا کے ترجمان تھے جنہوں نے قائد ملت جعفریہ شہید عارف حسین الحسینی ؒ کا دست راست بن کر ملک کے گوشے گوشے میں کربلائی و انقلابی فکر کو عام کیا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید زندگی میں ایک ایسے محور کی حیثیت رکھتے تھے، جس کے گرد ملک بھر کے تنظیمی، انقلابی، بیدار نوجوان کھنچے چلے آتے تھے۔ ان کی مقناطیسی شخصیت کی کشش سے ہر کوئی ان سے مربوط رہتا تھا اور ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کا یہ کمال تھا کہ وہ مردم شناس ہونے کے ناتے ہر ایک سے اس کی صلاحیتوں کے مطابق کام لیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شہادت کے بعد ہم اس مقناطیسیت سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا آج بھی میدان عمل میں رہتے ہوئےکام کرنے کی شدید ضرورت ہے، سعادت و خوش بختی کا اور شہداء کا راستہ ہمارا منتظر ہے کہ کوئی محمد علی نقوی بن کر آئے اور ملت کے دردوں کی دوا کرے۔


خبر کا کوڈ: 919864

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/919864/شہداء-کی-یاد-منانا-قوموں-کو-قربانی-کا-حوصلہ-بخشتی-ہے-زہرا-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org