QR CodeQR Code

عراق، آیت اللہ سید علی سیستانی کیساتھ پاپ فرانسس کی ملاقات

6 Mar 2021 17:33

عراقی دورے پر موجود پاپ فرانسس نے مرجع عالیقدر آیت اللہ سیستانی کی اقامتگاہ پر بند دروازوں کے پیچھے ان سے ملاقات کی جو 1 گھنٹے تک جاری رہی۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی دورے پر آئے ریاست ویٹیکین اور دنیا بھر کے کیتھولک عیسائیوں کے پہلے امریکی سربراہ پوپ فرانسس نے عراق میں مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ عراقی سرکاری خبررساں ایجنسی واع کے مطابق پاپ فرانسس کی گاڑی صبح 10 بجے نجف اشرف میں آیت اللہ سیستانی کی اقامتگاہ پر پہنچی جہاں دونوں مذہبی رہنماؤں نے بند دروازوں کے پیچھے ملاقات کی۔ 1 گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل اس ملاقات کے بعد پاپ فرانسس عراق کے جنوبی صوبے ذی قار میں واقع شہر "اور" کی جانب عازم سفر ہو گئے۔

عرب ای مجلے بغداد الیوم کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ آیت اللہ سیستانی کی جانب سے کسی عراقی سیاسی شخصیت کو اس دوران اپنی اقامتگاہ میں داخلے اور ملاقات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی جبکہ ملاقات کے بعد آیت اللہ سیستانی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ پاپ فرانسس کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں موجودہ دور کے بڑے انسانی المیوں پر گفتگو کی گئی ہے۔ اس بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دنیا بھر میں جاری ظلم، غضب، بھوک، دینی و فکری ستم، عدم آزادی، جنگوں، پر تشدد اقدامات، اقتصادی محاصروں، لوگوں کی اجباری بے دخلی اور خصوصا مقبوضہ سرزمینوں میں فلسطینی عوام کی حالت زار پر گفتگو اور ان بحرانوں کے خاتمے حوالے سے دینی رہنماؤں کے فعال کردار پر تاکید کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 920021

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920021/عراق-آیت-اللہ-سید-علی-سیستانی-کیساتھ-پاپ-فرانسس-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org