0
Saturday 6 Mar 2021 18:34

پے در پے شکست کا سامنا ہو تو دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے، مریم نواز

پے در پے شکست کا سامنا ہو تو دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پے در پے ذلت آمیز شکست کا سامنا ہو اور اقتدار بھی ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے۔ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ  آج پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مرتضیٰ جاوید عباسی، شاہد خاقان، احسن اقبال، مصدق ملک اور بالخصوص مریم اورنگزیب کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ سب ٹی وی پر دیکھا لیکن میں حیران نہیں ہوئی، خوشی ہے حکومت کی غنڈہ عوام کو نظر آگئی ہے، اقتدار ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے، مجھے فخر ہے کہ شیروں نے ووٹ چوروں کا مقابلہ کیا،اور بتایا کہ شیر شیر ہوتا ہے اور گیدڑ ہوتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت نے چند درجن کرائے کے غنڈوں بھیجے جنہوں نے مریم اورنگزیب پر حملہ کیا، آج ہر پاکستانی بیٹی اور ماں کا سر شرم سے جھک گیا اور 22 کروڑ عوام شیم شیم کہہ رہے ہیں، احسن اقبال پر جوتا پھینک کر بدترین بدتمیزی کا مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی اپوزیشن میں تھی تو غنڈہ گردی کرتی تھی،  آج حکومت میں ہے تو وہی کچھ کیا، ان کی گردنوں کے اوپر سر بھی خالی ہیں، آپ سیکیورٹی حصار کے بغیر نکلیں عوام جوتا لیے کھڑے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ہم بتادیں کہ مسلم لیگ (ن) لاوارث جماعت نہیں، غنڈہ گردی کا مقابلہ اخلاقیات سے نہیں کیا جاتا، گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے، آج آپ سیکیورٹی حصار میں ہوتے ہیں، یہ سیکیورٹی بھی جلد ختم ہوجائے گی، آپ کے دن گنے جاچکے ہیں، آج کی اس غنڈہ گردی کو ہم نہیں بھولیں گے، یہ دھند چھٹے گی تو تمہاری داستانیں سامنے آئیں گی، پی ڈی ایم ان کی لاش اچھی طرح سے دفن کرے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے جھوٹے اعتماد کا ووٹ لیا، کہا گیا مجھے ووٹ دو ورنہ تمہیں نہیں چھوڑوں گا، رات بھر  چودھری سرور  پی ٹی آئی اراکین کے دروازے کھٹکھٹا کر چیک کرتے رہے، اور آج پھر بکاؤ اراکین سے ووٹ لے لئے، عمران خان پاکستانی ٹرمپ ہیں، پاکستانی ٹرمپ نے آج جاتے جاتے خود بچانے کی کوشش کی، آج انہیں اقتدار ہاتھ سے جاتے دکھائی دیا، یوسف رضا گیلانی ایک سیٹ کیا جیت گئے ان کا دماغی توازن خراب ہوگیا۔ رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن سے پہلے سند یافتہ ووٹ چور ہیں، انہیں عوامی عدالت میں شکست ہوئی، اب عوام کا فیصلہ مانیں، عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو چکا ہے،  آنے والے چند دنوں میں وہ سب چیزیں سامنے آجائیں گی، کل کیا ہوا کہاں سے دباؤ آیا اور کس طرح خفیہ ادارے ایکٹو ہوئے وہ سب سامنے آئے گا، حکومت کی سیاسی موت واقع ہو چکی ہے، آنے والے دنوں میں ان کا جانا ٹھر گیا، صبح جائیں یا شام جائیں، آپ کو جو چند دن کی مہلت ملی ہے اچھے سے پیکنگ کرنا کوئی چیز چھوڑ کر نہ جانا۔
خبر کا کوڈ : 920035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش