0
Saturday 6 Mar 2021 19:01

اپوزیشن جسے نیلسن منڈیلا سمجھ رہی ہے وہ بنارسی ٹھگ ہے، خرم شیر زمان

اپوزیشن جسے نیلسن منڈیلا سمجھ رہی ہے وہ بنارسی ٹھگ ہے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا پی ایم بننے کا سفر مکمل دفن ہوچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر اراکین قومی اسمبلی کا اعتماد قوم کی فتح ہے، وزیراعظم سمیت تمام اراکین قومی اسمبلی کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ عمران خان نے کرسی کی بجائے خود کو ایوان میں جوابدہ سمجھا، ایک وہ ہیں جو تین دفعہ نااہل ہونے کے باوجود کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا پی ایم بننے کا سفر مکمل دفن ہوچکا ہے، اپوزیشن جسے نیلسن منڈیلا سمجھ رہی ہے وہ بنارسی ٹھگ ہے، اپوزیشن کا بائیکاٹ کا فیصلہ عمران خان بیانیہ کی فتح ہے۔

رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن جانتی ہے کہ اعتماد کے ووٹ میں سٹہ نہیں کھیل سکتے، اس نظام اور کرپشن کو ہمیشہ کے لئے بند باندھا جارہا ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، عمران خان کو 178 ووٹ ملے، 2018ء میں عمران خان کو 176 ووٹ ملے تھے۔ خیال رہے عمران خان پاکستان کی تاریخ کے دوسرے وزیراعظم ہیں، جنہوں نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، اس سے قبل نواز شریف نے 1993ء میں سپریم کورٹ کے ذریعہ ان کی بحالی کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ سے رضاکارانہ طور پر اعتماد کا ووٹ مانگا تھا۔
خبر کا کوڈ : 920040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش