0
Saturday 6 Mar 2021 21:19

جمہوری قوتیں کرسی کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر نہ جھکیں، لیاقت بلوچ

جمہوری قوتیں کرسی کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر نہ جھکیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بکے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کیساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر اب عمران خان صاحب کی کیا اخلاقی حیثیت باقی رہ گئی ہے، حقیقت میں عمران خان اس وقت بازی ہار چکے ہیں، ان کیلئے اب مذید اقتدار کیساتھ چمٹا رہنا ملک کیلئے مذید خرابیوں کا باعث بنے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارلعلوم تفہیم القران سکھر کی تقریب تکمیل بخاری و دستار فضیلت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعظم کیجانب سے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ صدر پاکستان نے جو احکامات جاری کئے، اس میں انہوں نے ڈکلیئر کیا کہ عمران خان صاحب اعتماد کھو چکے ہیں، انکے پاس اکثریت نہیں ہے، اب عمران خان صاحب نے قومی اسمبلی کے ایک اجلاس کے ذریعے اکثریت حاصل کرلی، تاہم انہوں نے قوم سے خطاب میں خود کہا ہے کہ 16 ممبران بک گئے ہیں، انکی قیمت لگ چکی ہے، عمران خان صاحب کی کیا اخلاقی حیثیت اب باقی ہے، ان ہی لوگوں کے ووٹ کیساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے، حقیقت میں عمران خان صاحب اس وقت بازی ہار چکے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاست کو اب آئین کے تابع کیا جائے، آئندہ انتخابات کو شفاف و غیر جانبدارانہ بنایا جائے، سیاسی اور جمہوری قوتیں صرف اقتدار اور کرسی کی خاطر نہ اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر جھکیں اور نہ ووٹ چوری کریں اور نہ ووٹوں کی قیمت لگائیں، جمہوریت اور ووٹ کی مقدس قدروں کے تحفظ کیلئے سیاسی قوتیں جمہوری رویہ اختیار کریں، جماعت اسلامی نے ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے انتخابی اصلاحات کی مکمل سفارشات تیار کی ہیں، ہم تمام قومی قیادت اور سیاسی جماعتوں کے پاس جائیں گے اور انہیں اس بات کی دعوت دیں گے کہ ملک کو بحران سے نکالنے اور عوام کی معاشی مشکلات کے خاتمے کیلئے وہ متحد ہوں، اور ایک شفاف غیر جانبدارانہ انتخاب کی بنیاد رکھیں۔ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت سے متعلق سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سینیٹ میں ایک ووٹ ہے، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کس کو ووٹ دینے سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، ہم نے عمران خان کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیا ہے، اسی طرح چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا مرحلہ آنے پر جماعت اسلامی اس ضمن میں فیصلہ کرے گی۔

قبل ازیں لیاقت بلوچ نے دارلعلوم تفہیم القران سکھر کے دسویں جلسہ ”دستار فضیلت و تقریب تکمیل بخاری شریف میں بھی خطاب کیا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر شاہد، شیخ القران و الحدیث مولانا عبداللہ کھوسہ، میزبان و مہتمم دارلعلوم مولانا حزب اللہ جکھرو، جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امراء جماعت اسلامی سندھ نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز چنہ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالحفیظ بجارانی، امیر ضلع سکھر ایڈوکیٹ سلطان احمد لاشاری، امیر سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ، جنرل سیکریٹری حافظ عبدالحلیم تنیو، مولانا بشیر احمد لاشاری، پروفیسر گل محمد شاہ بخاری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 920051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش